سکندر سلطان چیف الیکشن کمیشن مقرر

پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان کے نام کی منظوری دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 جنوری 2020 12:57

سکندر سلطان چیف الیکشن کمیشن مقرر
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 21 جنوری 2020ء) سکندر سلطان راجہ کو چیف الیکشن کمیشن مقرر کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر بحث کی گئی۔ پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔پارلیمانی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سکند سلطان نئے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے۔

نثار درانی الیکشن کمیشن سندھ سے جب کہ شاہ محمود جتوئی الیکشن کمیشن بلوچستان سے ممبر ہوں گے۔صدر مملکت پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے کی منظوری دیں گے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لیے سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کو خط لکھا تھا ، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو تین نام بھجوائے گئے ، جن میں سابق وفاقی سیکرٹری جمیل احمد ، سابق سیکرٹری فضل عباس میکن اورسکندر سلطان راجہ کے نام شامل تھے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ارسال کردہ خط میں کہا کہ آپ کو بامعنی مذاکرات کیلئے خط لکھ رہا ہوں، چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ ایک عرصے سے زیرالتواء ہے، اس معاملے کو حل کرنا چاہتا ہوں،اس لیے آپ کو چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے ازسرنور تشکیل دیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔

جب کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خط کا جواب دیا، اپوزیشن لیڈر نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے 3 نام تجویز کیے،۔ انہوں نے اپنے بھیجے گئے خط میں الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے تین نام تجویز کیے ہیں، جن میں ناصر محمود کھوسہ، اخلاق احمد تارڑ، اور عرفان قادرکے نام شامل ہیں۔ پہلے ہی بدقسمتی سے 25 نومبر سے شروع ہونے والا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کیلئے حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان اسپیکر آفس میں اجلاس ہوا جس میں دوممبران کے ناموں کو تشکیل دے دیا گیا ۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ امید ہے اب حکومت اور اپوزیشن کے چیف الیکشن کمشنر کے 6 ناموں میں سے ایک نام فائنل کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرسوں کہا تھا کہ 90 فیصد پیشرفت ہوئی ہے، آج ہم نے 95 فیصد پیشرفت کرلی ہے۔امید ہے کہ کل کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔