امریکی گلوکارہ ریحانہ کی سعودی بوائے فرینڈ سے دوستی ختم ہو گئی

ریحانہ اور سعودی ارب پتی نوجوان حسن جمیل کے درمیان تین سال تک قُربت رہی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 جنوری 2020 13:11

امریکی گلوکارہ ریحانہ کی سعودی بوائے فرینڈ سے دوستی ختم ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جنوری 2020ء) ایک معروف امریکی جریدے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریحانہ اور اُس کے سعودی بوائے فرینڈ حسن جمیل میں تلخیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ اب انہوں نے اپنی راہیں جُدا کر لی ہیں۔ امریکی جریدے ولچر کے مطابق دونوں کی دوستی آج سے تین سال قبل شروع ہوئی تھی اور دونوں میں بے پناہ محبت تھی۔

ریحانہ اپنے سعودی بوائے فرینڈ حسن جمیل کے ساتھ کئی تقریبات میں بھی دیکھی گئی اور ان کے بارے میں یہی خیال تھا کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ تاہم اب اُن کے بارے میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ان کی تین سال پُرانی دوستی ختم ہو گئی ہے۔ تاہم امریکی جریدے کی جانب سے یہ تفصیل نہیں دی گئی کہ دونوں میں کس بات کو لے کر تلخیاں پیدا ہوئیں جس کے بعد انہوں نے آپسی محبت اور دوستی کو ختم کرنے کاناخوشگوار فیصلہ لیا۔

(جاری ہے)

حالانکہ اب سے تقریباً چھ ماہ قبل جُون 2019ء میں ریحانہ نے ایک جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ حسن جمیل سے بے پناہ محبت کرتی ہیں۔ تاہم انہوں نے شادی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، اگرچہ اُن کی زندگی کی ایک بڑی خواہش ماں بننا ہے، مگر وہ شادی جیسی ذمہ داری سے گھبراتی ہیں۔ آگے کیا ہوگا، یہ صرف خُدا ہی جانتا ہے۔ ریحانہ اور حسن جمیل پہلی مرتبہ 2017ء میں اُردن میں ایک تفریحی مقام پر سیر سپاٹے کرتے دکھائی دیئے تھے، جس کے بعد وہ 2018ء کی گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بھی ساتھ ساتھ نظر آئے۔

29 سالہ حسن جمیل کے والد عبداللطیف جمیل کا شمار سعودی عرب کی ممتاز کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔ عبداللطیف جمیل سعودی پریمیئر فٹ بال لیگ کی معروف ٹیم دی عبداللطیف جمیل لیگ کے مالک بھی ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی مملکت میں ٹویوٹا کمپنی کے ڈسٹری بیوشن رائٹس بھی ان کے پاس ہیں۔ حسن جمیل ریحانہ سے پہلے معروف امریکی ماڈل نومی کیمبل کے عشق میں بھی گرفتار رہ چکے ہیں۔ تاہم 2016ء میں ان کی دوستی اختتام کو پہنچ گئی تھی۔