ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے،وزیر اعظم بھی اس معاملے پر امریکی صدر سے بات کر چکے ہیں،

مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کے لئے محنت کی ضروت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ملک بھر کے تمام ایوان صنعت وتجارت کے صدور سے خطاب

منگل 21 جنوری 2020 13:33

ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے،وزیر اعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے،وزیر اعظم بھی اس معاملے پر امریکی صدر سے بات کر چکے ہیں، مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کے لئے محنت کی ضروت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ملک بھر کے تمام ایوان صنعت وتجارت کے صدور سے ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے زیر اہتمام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پائے بغیر شرح سود کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کے لئے محنت کی ضروت ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق فروری میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم بھی اس معاملے پر امریکی صدر سے بات کر چکے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ افرادی قوت کے حوالے سے پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔ ہمارا چیلنج ہے کہ مہنگائی کم کر کے لوگوں کی قوت خرید کو بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی میں کمی کے لئے ہر ہفتے اجلاس منعقد کرنے کا اراداہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں افرادی قوت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ مواقع نہ ہونے سے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔

پاکستان میں فلاحی کاموں میں مخیر حضرات کا بہت بڑا کردار ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت اس حوالے سے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی منزل ایک ہے اور وہ منزل ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔کاروباری تنظیموں کو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجروں کے درمیان مسلسل مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے کیونکہ حکومت اورکاروباری برادری دونوں ملک میں کاروباری شعبہ کا فروغ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں ترقی سے مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ ماضی کی حکومتوں کے اقدامات کے باعث ملک کو کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور تجارتی خسارہ کا سامنا تھا۔

موجودہ حکومت نے کاروبار میں آسانی پیداکرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ حکومت انہیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔ ہم نوجوانوں کو ایسی افرادی قوت بنانے کے لئے کام کررہے ہیں جو ملک کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کی پیداوار کے حوالے سے منصوبہ بندی میں پہلو تہی کی گئی جس سے بجلی کا بحران پیدا ہوا۔

متبادل توانائی کے منصوبوں سے سستی بجلی کی حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری وفود کے بیرون ملک دوروں سے تجارتی مواقع میں اضافہ ہوتا ہے۔ تاجر برادری کو ای کامرس اور مصنوعات کی ویلیو ایڈڈ پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو کاروباری شعبہ میں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ذریعے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

تاجر برادری اپنی سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے سازگار مواقع فراہم کرے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں سیاحتی شعبہ میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ کاروباری برادری کو اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں بہتری کے لئے سیڈ ایکٹ جلد لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور ان کے لئے ہر وقت دروازے کھلے ہیں۔ اس موقع پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر میاں انجم نثار اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے بھی خطاب کیا۔