سڈنی میں سال نوکی سب سے بڑی تقریبات کی تیاریاں مکمل

منگل 21 جنوری 2020 13:33

سڈنی میں سال نوکی سب سے بڑی تقریبات کی تیاریاں مکمل
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) سڈنی میں 25 جنوری کو شروع ہونے والی سال نوکی روایتی تقریبات کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایشیاء سے باہر اس نوع کی سب سے بڑی تقریبات ہیں جو 9 فروری تک جاری رہیں گی۔ 16 دن کے دوران 100 سے زائد ایونٹس ہوں گے جن میں براہ راست پرفارمنس ، بازار ، کارنیوال کی سواری ، مختلف فنون کے مظاہرے اور شیر کا رقص شامل ہے۔

سڈنی کے لارڈ میئر کلوور مور نے بتایا کہ اس دلچسپ تہوار میں چین ، کوریا ، ویتنام ، تھائی لینڈ ، انڈونیشیا ، ملائشیا اور سڈنی کی متنوع ثقافتوں کے رنگ اجاگر کئے جائیں گے۔ اس میں سب سے زیادہ دلچسپی کا مرکز معروف آسٹریلیائی ڈیزائنر اور آرٹسٹ کلاڈیا چن شا کا تیارکردہ شاہکار دھات سے بنے چوہے کا کرتب ہوگا۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کی منتظم ویلیری کھو نے تہوار کے انتظامات پرخوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ افتتاحی تقریب کے موقع پرکمیونٹی ڈانس پرفارمنس کے علاوہ ڈارلنگ ہاربر میں ڈریگن بوٹ ریس بھی پیش کی جائے گی۔

شمال مغربی چینی صوبے شانسی کے 24 فنکاروں اور موسیقاروں کا ایک گروپ بھی اپنا فن پیش کرے گا جبکہ 2018 کے سرمائی اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اپنا فن دکھانے والا سئیول کا نمبر ون بی بوائے گروپ بھی فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔ 2020ء کے اس قمری فیسٹیول کی ایک اور خاص بات قمری لالٹینز کی نمائش ہوگی جس میں 12 روشن فن پارے ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال تقریباً 15 لاکھ افراد نے ان تقریبات میں شرکت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :