ڈی سی کچی سلطان احمد کی توہین عدالت کیس،سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فیصلے کو معطل کر نے کی استدعا مسترد کر دی

کیس اپنی نوعیت کا پہلا معامہ ہے،معاملہ پر عدالت کو معاونت چاہیے ہو گی،حکم امتنا نہیں دیں گے ،عدالت کیس کا جلدی فیصلہ کر لیگی، جسٹس مشیر عالم

منگل 21 جنوری 2020 13:33

ڈی سی کچی سلطان احمد کی توہین عدالت کیس،سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2020ء) سپریم کورٹ نے ڈی سی کچی سلطان احمد کی توہین عدالت کیس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فیصلے کو معطل کر نے کی استدعا مسترد کر دی ۔منگل کو سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔

عدالت نے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ وکیل نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنر سلطان احمد نے اس وقت اپنی ذمہ داری کو نبھایا،ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قوانین کو مدنظر نہیں رکھا۔ وکیل نے کہاکہ قاضی قلات کی جانب سے خاتون کو گھر بلانے پر ساری کاروائی کی گئی،خاتون کی عمر سے متعلق کیس قاضی سید زاہد کے پاس زیر سماعت تھا ۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہاکہ معاملہ پر انکوائری بھی کی گئی تھی۔

جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ کیس اپنی نوعیت کا پہلا معامہ ہے،معاملہ پر عدالت کو معاونت چاہیے ہو گی،حکم امتنا نہیں دیں گے ،عدالت کیس کا جلدی فیصلہ کر لیگی۔انہوںنے کہاکہ کیس کی دس روز بعد دوبارہ سماعت ہو گی۔ یاد رہے کہ ڈی سی سلطان احمد نے 2016 میں بطور اسسٹنٹ کمشنر قاضی کے گھر چھاپہ مارا تھا ۔قاضی سید زاہد نے زیر التواء مقدمہ میں خاتون درخواست گزار کو اپنے گھر بلایا تھا،خاتون نے گھر بلانے کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر کو مدد کیلئے بلایا تھا ،اسسٹنٹ کمشنر نے چھاپہ کے بعد قاضی کو کچھ وقت کیلئے گرفتار کیا تھا ،ہائیکورٹ نے جج کو گرفتار کرنے پر توہین عدالت کی سزا سنائی۔