آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز، سیکنڈ سیڈڈ کیرولینا پالیسکوا، بلیندا بنکک، میڈیسن کیز، ڈونا ویکک اور ایلنیا سویٹولینا دوسرے رائونڈ میں داخل

منگل 21 جنوری 2020 14:16

آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز، سیکنڈ سیڈڈ کیرولینا پالیسکوا، بلیندا ..
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) جمہوریہ چیک کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو کیرولینا پالیسکوا، سوئس سٹار بلیندا بنکک، امریکہ کی میڈیسن کیز، کروشیا کی ڈونا ویکک اور یوکرائن کی ایلینا سویٹو لینا پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ انگلینڈ کی جاہانا کونٹا ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔

چینی ٹینس سٹار شوائی پینگ کو بھی پہلے رائونڈ میں شکست کا سامنا۔ منگل کو آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کے پہلے رائونڈ میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکوا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کی کرسٹینا ملاڈینوویک کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 7-5 سے ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

سوئس سٹار بلیندا بنکک نے سلواکیہ کی اینا کارولینا کو مات دیکر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ انکی فتح کا سکور 6-3 اور 7-5 تھا، امریکا کی میڈیسن کیز نے بھی پہلی رکاوٹ عبور کر لی، انہوں نے روسی حریف ڈاریا کاسا ٹکینا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-1 سے مات دی۔ کروشیا کی ڈونا ویکک نے روسی ٹینس کوئین ماریا شیراپوا کو شکست دی، یوکرائن کی ففتھ سیڈڈ ایلینا سویٹو لینا نے برطانوی حریف کھلاڑی کیٹی بولٹر کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 7-5 سے ہرا دیا۔