حکومت اور اپوزیشن کا چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق

سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی رکن الیکشن کمیشن ہوں گے ، تینوں نام اتفاق رائے سے طے کئے گئے ہیں ،شیریں مزاری

منگل 21 جنوری 2020 14:16

حکومت اور اپوزیشن کا چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2020ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ اور اراکین کے تقرر کے معاملے پر طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق ہوگیا اس سلسلے میں قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کی چیئرپرسن شیریں مزاری نے بتایا کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ سکندر سلطان راجا نئے چیف الیکشن کمشنر ہوں گے۔

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ ہماری کمیٹی کا 13واں اجلاس تھا اور ہم نے اتفاق رائے سے تینوں خالی نشستوں پر تعیناتی کے لیے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا ہوں گے، سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی رکن الیکشن کمیشن ہوں گے جبکہ یہ تینوں نام اتفاق رائے سے طے کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا جائے گا۔شیریں مزاری نے کہاکہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پارلیمان نے فیصلہ کیا اور ہم نے کسی اور ادارے پر اس کی ذمہ داری نہیں سونپی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمان کے فیصلے پارلیمان کے اندر ہی ہونے چاہیے۔پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمیٹی رکن رانا ثنا اللہ نے کہاکہ نامزد چیف الیکشن کمشنر نے ہمارے ساتھ پنجاب میں کام کیا ہے، نامز چیف الیکشن کمشنر معتدل مزاج کے شخص کے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہاکہ دوہزار اٹھارہ کے انتخابات پر سوال اٹھے تھے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ایسے اقدامات کریں گے، جس سے آنے والے انتخابات شفاف ہوں۔صدر مملکت عارف علوی پارلیمانی کمیٹی کے فیصلہ کی منظوری دینگے،صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کریگی،وزارت پارلیمانی امور کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔