قومی کمیشن برائے انسانی ترقی نے اساتذہ کی تربیت کے لئی" ویڈیو ٹریننگ لیسنز" کا اجراء کر دیا

منگل 21 جنوری 2020 14:29

قومی کمیشن برائے انسانی ترقی نے اساتذہ کی تربیت کے لئی" ویڈیو ٹریننگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) نے اساتذہ کی تربیت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال لاتے ہوئے " ویڈیو ٹریننگ لیسنز" کا اجراء کر دیا، این سی ایچ ڈی کے زیر انتظام غیر روایتی سکولوں کے لئے 25 سے 30 منٹ دورانیہ کی 6 ویڈیوز تیار کی گئی ہیں۔ منگل کو ویڈیوز کی لانچنگ کی تقریب کے موقع پر ہیومن ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے سی ای او کرنل (ر) اظہر سلیم مہمان خصوصی تھی جبکہ این سی ایچ ڈی کے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر امیر علی مروت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

کرنل اظہر سلیم نے کہا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے زیر سایہ این سی ایچ ڈی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ این سی ایچ ڈی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف ،این سی ایچ ڈی کے رکن تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی کے بعد این سی ایچ ڈی ایک بڑا ادارہ بن گیا ہے اور اب ہم بھی اس کے تجربات فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہمارا اولین مقصد خواندگی میں اضافہ کر کے غربت اور افلاس کو ختم کرنا ہے ۔

اس موقع پر این سی ایچ ڈی کے چیئرمین امیر اللہ مروت نے کہا کہ ویڈیو ٹریننگ لیسنز ایک ابتداء ہے، ہم نے اس سے آگے چلنا ہے۔ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میںجب ہم ایک جگہ سے دوسری جگہ نہیں پہنچ سکتے تو ویڈیو ٹریننگ لیسنز کے ذریعے ہم اپنا پیغام ملک کے طول و عرض تک پہنچا سکتے ہیں اور اس سے ہمارے فیلڈ عملہ اور اساتذہ رہنمائی حاصل کریں گے اور ان کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔ تعلیم ہماری حکومتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے لیکن بد قسمتی سے اس پر توجہ نہیں دی جار ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی ہمارے ملک میں 22 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں ناخواندگی کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نوجوان منشیات اور بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات غلط ہیں ۔

ہمیں انفراسٹرکچر کی بجائے تعلیم پر خرچ کرنا چاہیے۔ ایک سروے کے مطابق ملک میں ایسے 20 ہزار مقامات ہیں جہاں دو کلومیٹر کی حدود میں کوئی تعلیمی ادارہ نہیں ہے۔ اس موقع پر پروجیکٹ کے کوارڈینیٹر سید اکبر علی نے بتایاکہ 25 سے 30 منٹس کی 6 ویڈیوز تیار کی گئی ہیں جن میں سے 2 مینجمنٹ اور 2، 2 انگریزی اور اردو کے ابتدائی اسباق پر مشتمل ہیں۔ ان کی تیاری میں ہمیں مشکلات کا سامنارہا کیونکہ یہ ہمارے لئے پہلا منصوبہ تھا۔

ان وڈیوز سے اساتذہ اور فیلڈ عملہ کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اور وہ بہتر انداز میں اپنا کام کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو نے اس منصوبہ میں مالی امداد فراہم کی۔ تقریب کے آخر میں منصوبہ کے مختلف مراحل میں کام کرنے والے افراد میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔