دُبئی میں ملازمین کی تنخواہ میں شاندار اضافہ کر دیا گیا

نئی سکیم کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کے لیے 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 جنوری 2020 16:56

دُبئی میں ملازمین کی تنخواہ میں شاندار اضافہ کر دیا گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جنوری 2020ء) دُبئی کی حکومت نے ہزاروں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں اضافے کی خوش خبری سُنا دی ہے۔ دُبئی کے ولی عہد اور چیئرمین دُبئی ایگزیکٹو کونسل شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم  نے دُبئی کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق سکیم کی منظوری دے دی گئی۔ تنخواہوں میں حالیہ اضافہ یکم جنوری 2020ء سے موثر ہو گیا ہے جس کا مقصد دُبئی میں سرکاری محکموں اور اداروں کے ملازمین کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں بہتری لانا ہے۔

نئی سکیم کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کے لیے 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ولی عہد شیخ حمدان نے کہا کہ تنخواہوں میں یہ تازہ ترین اضافہ دُبئی کے فرمانروا اور وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم کے دُبئی کو ترقی دینے کے ویژن کے تحت کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ سرکاری ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ لایا جائے اور اُن کی صلاحیتوں اور قابلیتوں سے بھرپور فائدہ اُٹھایا جائے۔

سرکاری اداروں و محکموں کے انسانی وسائل کو استعمال میں لا کر گورننس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے اور اس کے حصول کے لیے لازمی ہے کہ سرکاری ملازمین کو معاشی لحاظ سے بے فکری اور پُرسکون ماحول فراہم کیا جائے اور یہی دُبئی حکومت کی پہلی ترجیح بھی ہے۔دُبئی حکومت نے عزم کر رکھا ہے کہ یہاں کے سرکاری ملازمین کو ترقی کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔

اس مقصد کے لیے انہیں ووکیشنل تعلیم اور تربیت کے مواقع کے علاوہ ٹیکنیکل تعلیم بھی فراہمی کی جا رہی ہے ۔ اُمید ہے کہ تنخواہوں میں حالیہ اضافے سے سرکاری ملازمین کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہو گا۔ نئی اسکیم میں تازہ تازہ گریجوایٹ ہونے والے اماراتیوں کے لیے کم سے کم تنخواہ، آؤٹ لائنز رِسک الاؤنس، ایئر ٹکٹس الاؤنس، میڈیکل الاؤنس اور ملازمت کے اختتام پر دیئے جانے والے الاؤنسز شامل ہیں۔