حلقہ این اے 13- میں سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے،صالح محمد خان

منگل 21 جنوری 2020 17:12

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صالح محمد خان نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 13- کے 60 فیصد علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے وزیراعظم عمران خان سے خطیر فنڈز کی منظوری حاصل کر چکے ہیں، ملک میں آٹا بحران پر قابو پانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہنگامی اقدامات اٹھا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا کیلئے خیر سگالی کے جذبہ کے تحت گندم فراہم کرنے کا اعلان کر کے حقیقی معنوں میں بڑے بھائی ہونے کا عملی ثبوت فراہم کیا ہے۔

(جاری ہے)

وہ لاہور روانگی کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر بفہ کے صحافیوں سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ صالح محمد خان سواتی نے کہا کہ ملک کی سیاست کے حوالہ سے قومی ایشوز پر ہماری گہری نظر ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے حلقہ نیابت کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی توانائیاں استعمال کر سکیں جو 35 سال پسماندگی سے دوچار ہیں۔