ماں کی قبر پر جانے والا اماراتی نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق

فیصل عبداللہ الہیثوم قبرستان سے واپسی پر حادثے میں شدید زخمی ہونے کے چار روز بعد دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 جنوری 2020 17:31

ماں کی قبر پر جانے والا اماراتی نوجوان ٹریفک حادثے میں جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جنوری 2020ء) اماراتی ریاست راس الخیمہ میں ایک اماراتی نوجوان اپنی والدہ کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کی خاطر گیا، مگر واپسی پر خود بھی ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی نوجوان فیصل عبداللہ الہیثوم الشیحی اپنی مرحومہ والدہ کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کے بعد واپس گھر جا رہا تھا جب ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گیا اور چار روزہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دُنیا سے رخصت ہو گیا۔

بدنصیب نوجوان فیصل کی والدہ تین ماہ قبل انتقال کر گئی تھی۔ جس کے بعدوہ وقتاً فوقتاً والدہ کی قبر پر ہر جمعة المبارک کو حاضری دیا کرتا تھا۔ فیصل الہیثوم کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کا بہت تابع فرماں اور محبت سے پیش آنے والا بچہ تھا۔

(جاری ہے)

اپنے خاندان میں دُوسرے نمبر پر ہونے کے سبب وہ اپنی والدہ کے انتقال کے بعد اپنے بہن بھائیوں کا بہت خیال رکھنے لگا تھا۔

اس جیسے مہربان اور مددگار کی اچانک موت نے سب کو غم زدہ کر دیا ہے۔ 40سالہ فیصل ایڈناک میں کام کرتا تھا۔ اس کے ساتھ وہ الرمز فٹ بال ٹیم کی جانب سے گول کیپر کی حیثیت سے بھی کھیلتا تھا۔ فیصل الشیحی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اُس کے سر پر آنے والی گہری چوٹ اور جسم کی کئی ہڈیوں کا ٹوٹ جانا اس کی موت کا سبب بن گیا۔جس کے باعث وہ سقر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔ فیصل کی نماز جنازہ الجُلان کے علاقے میں واقع مسجد ابو ہریرہ میں ادا کر دی گئی۔ جس کے بعد اُسے حُدیبہ کے قبرستان میں والدہ کی قبر کے پاس سپرد خاک کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :