ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت ڈینگی کی وباء کو روکنے کے لئے نئی ایس او پیز پر مبنی ڈینگی کنٹرول ماڈل متعارف کرا دیا گیا، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

منگل 21 جنوری 2020 17:41

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت ڈینگی کی وباء کو روکنے کے لئے نئی ایس او پیز پر مبنی ڈینگی کنٹرول ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جس کی ترجیحات پر مربوط و مؤثر عمل درآمد کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تاکہ رواں سال کے ڈینگی کنٹرول ماڈل کا حسب منشا نفاذ یقینی بنا کر ڈینگی کی وباء کو روکنے کے لئے بروقت اقدامات مکمل کئے جاسکیں۔ انہوں نے اس بات کا اعلان راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والی ڈویژنل سطح کی دو روزہ ڈینگی کنٹرول ٹریننگ کے افتتاحی سیشن میں تربیتی لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری محکموں کے لئے ڈینگی کنٹرول ٹریننگ کا انعقاد کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود کی خصوصی کاوشوں کی بدولت کیا گیا ہے جس سے ڈینگی ایکشن پلان سے متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور وہ مکمل تیاری کے ساتھ بروقت اقدامات کرکے ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے تمام عوامل کا خاتمہ یقینی بنا سکیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ اور معاون سرکاری محکموں کے افسران کے مابین بھرپور اشتراک عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کی بطور خاص تاکید کی کہ ڈینگی کنٹرول کے سلسلہ میں منعقدہ دو روزہ ٹریننگ میں ماہرین کی جانب سے دی جانے والی گائیڈ لائن سے مکمل استفادہ کیا جائے اور متعلقہ دائرہ کار میں ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا تمام تر عمل قبل از وقت مکمل کر لیا جائے تاکہ ڈویژن بھر میں کسی جگہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہونے پائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف ریسورس موبلائزیشن مطلوبہ انداز میں کی جائے اور ڈینگی کنٹرول کے لئے تمام تر عمل میں کوالٹی آف ورک پر خصوصی توجہ دی جائے ، اسی طرح آؤٹ اور ان ڈور ویکٹر سرویلنس کو باقاعدہ بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ سال جن علاقوں میں ڈینگی وباء پھیلی وہاں ٹارگٹ سرویلنس کی جائے،ڈینگی کنٹرول ٹریننگ میں ڈاکٹر وسیم اکرم نے ویکٹر کنٹرول پر تربیتی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے سکلز مینجمنٹ بہت اہم ہے۔

انہوں نے ڈینگی کے خلاف آگاہی مہم میں کمیونٹی کی بھرپورشرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ بروقت کی جائے اور ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کا مکمل سدباب یقینی بنانے کے لئے سول سوسائٹی کے تمام شعبوں اور کاروباری اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی مکمل آگاہی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے تحت مائیکرو پلانز کی تیاری اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں مکمل مہارت کا مظاہرہ کیا جائے، ٹریننگ سیشن کے شرکاء سے کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود ، سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی ، ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ڈوگر ، ڈاکٹر آصف ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اور دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف مکمل اشتراک عمل سے کام کیا جائے گا، اداروں کے مابین کامل ربط کے تحت ڈینگی کنٹرول کے لئے اقدامات کو تکمیل کی جانب بڑھایا جائے گا۔ سٹیشن کمانڈر نے کہا کہ اس ضمن میں راولپنڈی گیریژن کی طرف سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔