Live Updates

حکومت ہر شہری کو حقوق کی فراہمی اور تحفظ اپنا فرض سمجھتی ہے،اعجاز عالم آگسٹین

منگل 21 جنوری 2020 18:02

لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہر شہری کے حقوق کی فراہمی اور تحفظ اپنا فرض اولین سمجھتی ہے۔پاکستان کا آئین نسل ورنگ سے قطع نظر تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے ۔ حکومت پنجاب نے عوام کی دہلیز تک انصاف کی فراہمی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے صوبائی اور ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

حکومت ہر ایک شہری کو معاشی، سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قابل بنانے کیلئے متعدد اقدامات یقینی بنا چکی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے منگل کے روزنیومنسٹر بلاک کے دفتر میں اقلیتی کوآرڈینیٹر پنجاب یاد ہسٹر چوہان کی سربراہی میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اقلیتی طلبہ کے وظائف، ہندوؤں کی مقدس عبادت گاہوں کی تعمیرو مرمت بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے اقلیتوں کی بہتری کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اقلیتی طلبہ کیلئے اسکالرشپ کی رقم کو بڑھانا اور مذہبی عبادتگاہوں کی تعمیر و مرمت کے عمل میں تیزی لانے کی اپیل کی۔صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے وفد کو یقین دلایا کہ اقلیتی طلبہ کو وظائف کی مد میں خصوصی پیکج تشکیل دیا گیا ہے اور اگلے بجٹ میں پیکج کو مزید بڑھائیں گے جبکہ تمام مذہبی عبادتگاہوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں میں نمایاں تیزی آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی پیکیج 2018ء وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقلیتوں میں احساس محرومی کے خاتمہ کیلئے ایک تاریخی اقدام ثابت ہو رہا ہے جبکہ پنجاب ٹیکسٹ بورڈ میں اقلیتی ممبران کا اقدام بھی پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ امید ہے یہ پیکج اقلیتوں کیلئے روزگار سمیت تمام اہم اداروں میں اپنے جوہر دکھانے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرے گا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کی اہمیت میں منفرد اقدام ثابت ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات