گوجرانوالہ شہر میں پہلی بارآن لائن گوجرانوالہ مارٹ کے نام سے ہوم ڈیلوری سروس کا آغاز

منگل 21 جنوری 2020 18:02

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) قیمت پنجاب ایپ کے ذریعے گوجرانوالہ شہر میں پہلی بارآن لائن گوجرانوالہ مارٹ کے نام سے ہوم ڈیلوری سروس کا آغاز، شہری گھر بیٹھے پھل، سبزیاں، پولٹری مصنوعات اور دیگر اشیائے ضروریہ حکومتی نرخوں پر حاصل کرسکیں گے، 20کلو آٹے کا تھیلہ بھی 805روپے میں ملے گا، حکومت پنجاب کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو عملی شکل دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے آن لائن ہوم ڈیلوری سروس گوجرانوالہ میں شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ۔

ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کی طرف سے اس سلسلہ میں آج سے قیمت پنجاب ایپلی کیشن پر گوجرانوالہ مارٹ کے نام سے ایپلی کیشن کا اجراء کر دیا ہے جس کی مدد سے صارف اپنی ضروریات کی ا شیاء کنٹرول قیمت پر اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ قیمت پنجاب ایپ کے ذریعے صارفین کو سستی اور معیاری اشیاء گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کا اقدام وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن ڈیجیٹل پاکستان کا عکاس ہے ۔

صارفین اپنے انڈرائیڈ یا آئی فون سے قیمت پنجاب موبائل ایپلی کیشن ڈائون لوڈ کریں اور اس سہولت سے گھر بیٹھے استفادہ حاصل کریں۔ خریداری کی کم از کم حد 5سورروپے مقرر کی گئی جس پر صارفین سے کسی قسم کے سروس چارجز لیے بغیردرکار اشیاء گھر کی دہلیزپر فراہم کی جائے گی۔ صارفین کی سہولت کے پیش نظر آن لائن قیمت پنجاب ایپلی کیشن سے اس سروس کو منسلک کردیا گیا ۔

حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے مقررہ نرخ ناموں پر اشیائے ضروریہ ،پھل،سبزیاں اور پولٹری مصنوعات آن لائن ڈیلیوری سروس کے ذریعے حاصل کی جاسکیں گی۔گوجرانوالہ میں آٹا کی کسی قسم کی قلت نہیں شہری معیاری آٹے کا 20کلو کا تھیلہ حکومت پنجاب کی مقررہ قیمت 805روپے میں اسی موبائل ایپ کے ذریعے بغیر کسی سروس چارجز گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں ۔ یہ سروس ابتدائی طور پر گوجرانوالہ کی شہری حدود میں شروع کی گئی ہے۔