پولیس محکمہ میں تقرریاں اور تبادلے انتہائی صاف اور شفاف طور پر کئے جاتے ہیں، ماڈل پولیس اسٹیشن ،خدمت مراکز ، فرنٹ ڈیسک کا قیام پولیس کی کارکردگی کا ثبوت ہے،آئی جی شعیب دستگیر

منگل 21 جنوری 2020 18:06

پولیس محکمہ میں تقرریاں اور تبادلے انتہائی صاف اور شفاف طور پر کئے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس (آئی جی پی)شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ پولیس میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت یا دبائو نہیں ہے،پولیس محکمہ میں تقرریاں اور تبادلے انتہائی صاف اور شفاف طور پر کئے جاتے ہیں اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس دن رات کوشاں ہے، صوبے بھر میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا قیام،خدمت مراکز اور تھانوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام موجودہ حکومت کے پالیسی کے عین مطابق اور پولیس کی کا بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر نے منگل کے روز پولیس لائنز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک،سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ جرائم کی روک تھام پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع راولپنڈی میں جرائم کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔

انہوں نے ضلعی پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی میں دیگر جرائم کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائم پر بھی فوری قابوپایا جائے۔انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف 1300مقدمات درج کئے جوکہ قتل اقدام قتل،منشیات ،ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں جبکہ کار چوری کو روکنے کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاہے کہ پولیس افسران پر ذہنی دبائو بلاشبہ موجود ہے اور ایسے افسران و ملازمین کے لئے 30ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا ہے ہے کہ جرائم کے خاتمہ کے لئے پولیس کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی شہر میں جرائم کی شرح کو کم کرنے کے لئے میڈٖیا کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ملازمین کو مراعات تمام ضروری عوامل کے بعد دیئے جائیں گے۔قبل ازیں آئی جی شعیب دستگیر نے پولیس لائن کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ بھی لیا۔