حارث روٴف بنے حسن علی کے مہمان

ساتھی کرکٹرز "ون ففٹی" کے نام سے پکارتے ہیں، تیز رفتار باوٴلنگ کی غرض سے روزانہ آدھا درجن انڈے کھاتا تھا، فاسٹ باوٴلر حارث روٴف

منگل 21 جنوری 2020 18:01

حارث روٴف بنے حسن علی کے مہمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2020ء) حال ہی میں آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث روٴف کو پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیاہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔



سیریز سے قبل راولپنڈی کے معروف ٹیپ بال کرکٹر حارث روٴف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری قومی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹر حسن علی کے ساتھ ایک منفرد نشست میں شرکت کی۔ خصوصی بیٹھک میں انکشاف ہوا ہے کہ حارث روٴف ساتھی کرکٹرز میں "ون ففٹی (150)" کے نام سے مشہور ہیں۔

سینئر کرکٹر حسن علی کو انٹرویو دیتے ہوئے نوجوان فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ تیز رفتار باوٴلنگ کے باعث ساتھی کرکٹر انہیں "حارث روٴف" کی بجائے "ون ففٹی" کے نام سے پکارتے ہیں۔

(جاری ہے)

26 سالہ فاسٹ باوٴلر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کو دستخط دیتے وقت بھی "150" کا ہندسہ درج کرنا نہیں بھولتے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت سے متعلق حسن علی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فاسٹ باوٴلر حارث روٴف نے بتایا کہ وہ اڑھائی سال قبل ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے کی غرض سے گوجرانوالہ میں موجود تھے، انہوں نے شہر میں جاری لاہور قلندرز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں قسمت آزمائی اور خوش قسمتی سے منتخب ہوگئے۔



 ٹرائلز میں کامیابی کے بعد حارث روٴف نے سابق فاسٹ باوٴلر عاقب جاوید کی زیرنگرانی باوٴلنگ اور فٹنس میں بہتری کے لیے بھرپور ٹریننگ شروع کی۔ نوجوان فاسٹ باوٴلر کا کہنا ہے کہ ٹیپ بال کرکٹ سے ہارڈ بال کرکٹ تک کا سفر کٹھن تھا اور اس دوران وہ تیز رفتار باوٴلنگ کی غرض سے ایک روز میں آدھا درجن انڈے کھایا کرتے تھے۔

بگ بیش لیگ 20-2019 میں ملیبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ باوٴلر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت سے قبل ہی عمدہ کارکردگی دکھانے کا عزم کررکھا تھا۔

فاسٹ باوٴلر نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے آسٹریلیا میں انعقاد کے باعث وہ پرامید تھے کہ ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر وہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ فاسٹ باوٴلر نے واضح کیا کہ بگ بیش لیگ کے دوران وہ قومی کرکٹ ٹیم کے باوٴلنگ کوچ وقار یونس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے 26 سالہ فاسٹ باوٴلر حارث روٴف نے آسٹریلیا میں جاری بگ بیش ٹی ٹونٹی لیگ کے 7 میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔



نوجوان فاسٹ باوٴلر کا کہنا ہے کہ کسی بھی فاسٹ باوٴلر کے لیے جارحانہ مزاجی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی وکٹ لینے کے بعد اپنا مخصوص سلیبریشن اسٹائل ضرور اپنائیں گے۔ 26 سالہ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ ہوم کراوٴڈ کے سامنے ڈیبیو کرنے کے لیے بیتاب ہیں۔

اسکواڈ:

بابراعظم، کپتان(سنٹرل پنجاب)، احسان علی (سندھ)، عماد بٹ (بلوچستان)، حارث روٴف (ناردرن)، افتخار احمد (خیبرپختونخوا)، عماد وسیم (ناردرن)، خوشدل شاہ (خیبرپختونخوا)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، محمد رضوان، وکٹ کیپر( خیبرپختونخوا)، موسیٰ خان (ناردرن)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، شعیب ملک (سدرن پنجاب)اورعثمان قادر (سنٹرل پنجاب)۔



شیڈول:

24جنوری بروز جمعہ: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
25 جنوری بروز ہفتہ: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
27 جنوری بروزپیر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام لاہور
7تا 11 فروری: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام راولپنڈی
3اپریل بروز جمعہ: واحد ایک روزہ میچ بمقام کراچی
5تا 9اپریل: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام کراچی