معیشت کی مضبوطی کیلئے ملکی برآمدات بڑھانا ضروری ہے،لاہور چیمبر

منگل 21 جنوری 2020 18:34

معیشت کی مضبوطی کیلئے ملکی برآمدات بڑھانا ضروری ہے،لاہور چیمبر
لاہور۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کیلئے ملکی برآمدات بڑھانا بہت ضروری ہے، یہ قیمتی زرمبادلہ ملک میں لاتی ہیں، حکومت کیلئے ریونیو اور افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں لہذا حکومت کو وہ رکاوٹیں دور کرنی چاہئیں جو برآمدات کے فروغ کی راہ میں حائل ہیں۔

ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے لیے ضروری خام مال پر ڈیوٹی یا تو ختم یا پھر انتہائی کم کردی جائے تاکہ پاکستانی صنعت میں مقابلہ کرنے کی قوت بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے خاتمے یا پھر کمی سے انڈسٹری معیاری خام مال درآمد کرسکے گی جس سے مصنوعات کا معیار مزید ہوگا اور یہ عالمی منڈی میں زیادہ بہتر مقام حاصل کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات کی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی زیادہ قیمتیں بھی مقامی انڈسٹری میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کررہی ہیں لہذا ان کی قیمتوں میں کمی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی درجے بہتری کے بعد کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی رینکنگ 108ہے مگر اصلاحات کے ذریعے اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔