جامعہ، دوبندی، مکھناں اور جوگی موہڑہ سمیت ملحقہ گائوں کیلئے عنقریب شعلہ جلا کر گیس فراہمی کا افتتاح کریں گے

سابق حکومتوں نے ساڑھے 17 روپے فی یونٹ بجلی کی خریداری کو ترجیحی دی، ان کے غلط فیصلوں سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا موجودہ حکومت نے بجلی کے شمسی اور پن بجلی منصوبے شروع کئے ہیں جن سے سستی بجلی تیار ہو گی، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا جلسہ سے خطاب

بدھ 22 جنوری 2020 11:29

جامعہ، دوبندی، مکھناں اور جوگی موہڑہ سمیت ملحقہ گائوں کیلئے عنقریب ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وہ جامعہ، دوبندی، مکھناں اور جوگی موہڑہ سمیت ملحقہ گائوں کیلئے عنقریب شعلہ جلا کر گیس فراہمی کا افتتاح کریں گے، حکومت مسائل کے حل کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان چوروں کا پیچھا کر رہے ہیں، ان بڑے مگر مچھوں کو نہیں چھوڑیں گے جو ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک فرار ہو جاتے ہیں اور خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

وہ گذشتہ روز جوگی موہڑہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے شمسی توانائی سے تیار چار روپے فی یونٹ کی بجائے تیل اور گیس سے تیار شدہ ساڑھے 17 روپے فی یونٹ بجلی کی خریداری کو ترجیحی دی کیونکہ انہوں نے اپنی جیبیں بھری ہیں، ان کے غلط فیصلوں سے ہی بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، ہماری حکومت شمسی، ہوا اور پن بجلی کے منصوبے شروع کر رہی ہے جن سے سستی بجلی تیار ہو گی اور آئندہ چند سالوںمیں قیمتیں کم ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ بجلی کی کمی دور کرنے کیلئے نظام کو ٹھیک کیا ہے، 55 سے 56 ہزار مقدمات قائم کر کے 7500 چوروں کو جیلوں میں ڈالا ہے، چور بڑا ہو یا چھوٹا، عورت ہو یا مرد چور چور ہوتا ہے، بجلی چوری میں ملوث محکمہ کے ملازمین ہوں یا بااثر لوگ سب کو بلا جھجھک ہتھکڑیاں لگائی ہیں، پورے ملک میں 9 ہزار فیڈرز میں سے 80 فیصد کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دیا جا چکا ہے، تمام واپڈا ملازمین سسٹم کی بہتری کیلئے بھرپور کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے ملک میں آٹا کے حالیہ بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاق ضرورت کے مطابق گندم صوبوں کو دے رہا ہے، سندھ حکومت نے خرد برد کر کے مصنوعی بحران پیدا کیا ہے، نیب حکام نے سندھ میں بڑے 10 گوداموں پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے 10 ارب روپے کی گندم اور آٹا برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چورں اور لٹیروں کے خلاف چٹان بن کر کھڑے ہیں، ان کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔