سعودی عرب میں عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگ گیا

مرغی اور چاول کے بعد سیمنٹ اور سریئے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 12:25

سعودی عرب میں عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگ گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) سعودی عرب میں رواں ہفتہ عوام پر بہت بھاری پڑ رہا ہے۔ اس ہفتہ کے دوران عوام کو مرغی اور چاول کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اور سیمنٹ اور سریے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ سعودی محکمہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

2019ء کے دوران تعمیراتی اشیاء سے متعلق تین اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ تاہم رواں سال کے پہلے مہینے میں مزید تعمیراتی سامان مہنگا ہو چکا ہے۔ اس مہینے کے دوران سیمنٹ اور سریے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔سیمنٹ کی قیمت میں تین فیصد کا اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ سریے کی اوسط قیمت بھی 2 فیصد بڑھ چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ مملکت میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آنا ہے جس کی وجہ سے سیمنٹ کی طلب میں اضافہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت سیمنٹ کی بوری کی قیمت 13.13 ریال تک پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ مملکت میں چاول کے فی ٹن نرخ 10 سے 15 فیصد بڑھ گئے ہیں۔ وہی ایک ٹن چاول جو اکتوبر 2019ء میں 3372سے 3560 ریال میں دستیاب تھا، اب اس کی فی ٹن قیمت 3747 سے 4122 ریال تک جا پہنچی ہے۔ چاول مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ چاول کی سپلائی میں کمی کو بتایا جا رہا ہے۔ جبکہ بھارتی کمپنیاں بھی اس موقعے سے فائدہ اُٹھا کر چاول کی فی ٹن قیمت 100 سے 150ڈالر زیادہ وصول کر رہی ہیں۔

جبکہ برائلر کمپنیوں نے گزشتہ روز مُرغی کی قیمت میں 10سے 12.5 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس مِلا کر گاہک کو مرغی انتہائی مہنگے داموں خریدنی پڑ رہی ہے۔ اخبار کے مطابق اب مرغیوں کے نرخ اُن کے وزن کی مناسبت سے ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک کا اضافہ ہو گا۔ ایک کلو والی مرغی ساڑھے دس ریال کی بجائے بارہ ریال میں دستیاب ہو گی۔ جبکہ سوا کلو کی مرغی تیرہ ریال کی بجائے ساڑھے چودہ ریال میں فروخت کی جائے گی۔