سعودی عرب میں جاتی ہوئی سردی پھر سے پلٹ آئی

کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک جا پہنچا، شمالی علاقوں میں برف باری جاری ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 12:47

سعودی عرب میں جاتی ہوئی سردی پھر سے پلٹ آئی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) سعودی عرب میں اس بار ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے۔ کچھ روز قبل سردی کی شدت میں کمی آ گئی تھی، تاہم سردی جاتے جاتے ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔ مملکت کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی کے آس پاس اور اس سے نیچے بھی منڈلانے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ابھی شدید سردی کا سلسلہ ٹلا نہیں ہے، بلکہ آئندہ ہفتے بھی مملکت کے بیشتر علاقے سردی کی لپیٹ میں رہیں گے ۔

ماہرین موسمیات کے مطابق خصوصاً شمالی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے جو کہ اگلے روز مزید بڑھ جائے گی۔خصوصاً طائف کے پہاڑی علاقے میں سردی کے باعث درجہ حرارت منفی تک پہنچ جائے گا۔ جو اگلے ہفتے کے اختتام پر نیچے آنا شروع ہو گا۔ آئندہ جمعہ سے مملکت بھر میں موسم غیر متوقع رہے گا اور کئی مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت ریاض، مدینہ منورہ، قصیم، مشرقی ریجن اور دیگر علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔

مکہ مکرمہ اور جدہ ریجن میں آج کے روز سے جمعہ تک سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں طوفانی بارشیں ہوئی تھیں، جن کے باعث کئی مقامات پر سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔ خاص طور پر وادیاں اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ سمیت مکہ مکرمہ ریجن، مدینہ منورہ، حائل تبوک اور الجوف کے علاوہ دیگر خطوں میں طوفانی بارشوں کے باعث کئی مقامات پر کئی فٹ پانی بھی کھڑا ہو گیا ہے۔ بارش سے قبل گرد و غبار کا طوفان بھی اُٹھا جس کے باعث اکثر جگہوں پر حدِ نگاہ صفر ہو گئی تھی اور خصوصاً ڈرائیور حضرات کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔