عبدالرزاق نے ایک اورمتنازعہ بیان دیکر بھارتی کرکٹ مداحوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا

پی ایس ایل الیون باآسانی أئی پی ایل الیون کو شکست دے سکتی ہے:سابق آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 جنوری 2020 12:52

عبدالرزاق نے ایک اورمتنازعہ بیان دیکر بھارتی کرکٹ مداحوں کی دکھتی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جنوری 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے ایک مرتبہ پھر متنازعہ بیان دے کر بھارتی کرکٹ مداحوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔ خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق عبدالرزاق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بنائی جائے اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم کیساتھ میچ کروایا جائے تو پی ایس ایل کی ٹیم جیت جائے گی، انکا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے پاکستان میں پچز کا میعار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ أئی پی ایل میں اب بھی پچز سپنرز کو کچھ زیادہ ہی مدد فراہم کرتی ہیں۔

عبدالرزاق کے اس بیان پر بھارتی کرکٹ مداحوں نے تبصروں کا آغاز کیا تو پاکستانی مداح بھی میدان میں آ گئے اور ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عبدالرزاق نے بھارتی فاسٹ باﺅلر جسپریت بمرا سے متعلق بیان دیا تھا جس پر بھارتی کرکٹ شائقین خاصے غصہ ہوئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں جن باﺅلرز کے سامنے کھیلا ہوں، اگر میں آج بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا تو جسپریت بمرا کو کھیلنے میں بالکل بھی پریشانی نہ ہوتی اور دباﺅ ان پرہوتا، میں گلین میگراتھ اور وسیم اکرم جیسے باﺅلرز کے سامنے کھیلا ہوں، لہٰذا بمرا میرے سامنے بچہ ہے اور میں آسانی سے اس کی پٹائی کرتا۔

مایہ ناز سابق پاکستانی آل راﺅنڈر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے بارے میں ہی ایسا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ویرات کوہلی سکور کرتا ہے تو وہ سکور کرتا ہے۔ ہاں وہ بھارتیوں کیلئے ایک اچھا کھلاڑی ہے اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھا رہا ہے، لیکن آپ اسے سچن ٹنڈولکر کی کیٹیگری میں نہیں رکھ سکتے کیونکہ لٹل ماسٹر منفرد کیٹیگری سے تعلق رکھتے ہیں۔