گزشتہ سال ریکارڈ 1 کروڑ 67 لاکھ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا

بھارتی سیاحوں کی تعداد سب سے زیادہ 20 لاکھ رہی، دوسرے نمبر پر سعودی اور تیسرے نمبر پر برطانوی سیاح رہے

بدھ 22 جنوری 2020 13:21

گزشتہ سال ریکارڈ 1 کروڑ 67 لاکھ سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) گزشتہ سال ریکارڈ 1 کروڑ 67 لاکھ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں نے اماراتی ریاست دبئی کا رخ کیا۔دبئی ٹورزم کے سربراہ سعید الماری کے مطابق 2019میں ایک کروڑ 67 لاکھ اور 30 ہزار سیاح دبئی آئے جبکہ بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ سال5.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہم اس سال 2کروڑ 20 لاکھ سیاحوں کی دبئی آمد کا ہدف رکھتے ہیں، گزشتہ سال دبئی چینی،روسی اور اومانی سیاحوں کی دبئی آمد میں اضافہ ہوا جبکہ بھارتی سیاحوں کی تعداد 20 لاکھ رہی جو کہ سب سے زیادہ ہے،دوسرے نمبر پر سعودی عرب رہا جہاں سے 16لاکھ سیاح دبئی آئے اور تیسرے نمبر پر12 لاکھ کی تعداد کے ساتھ برطانوی سیاح رہے۔

اومانی سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال 24 فیصد اضا فہ ہوا جن کی تعداد 10 لاکھ رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چینی سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال 15.5 فیصد اور روس سے آنے والوں کی تعداد میں 7.4فیصد اضافہ ہوا جن کی دبئی آمد کی تعداد بالترتیب 989000 اور 728000 رہی۔متحدہ عرب امارات نے سیاحت کے فروغ کے لئے رواں ماہ ملٹی پل انٹری ویزا متعارف کروایا ہے جو پانچ سال کے لئے قابل عمل رہے گا۔دبئی میں امسال اکتوبر میں گلوبل ٹریڈ فیئر ایکسپو منعقد ہونے جا رہا ہے جس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اندازہ ہے کہ اس موقع پر ڈھائی کروڑ افراد دبئی کا رخ کریں گے۔یاد رہے کہ قومی آمدنی کیلئے تیل کی فروخت پر انحصار کرنے والی دوسری خلیجی ریاستوں کے برعکس دبئی کا اپنے بجٹ کے لئے 94فیصد انحصار شعبہ سیاحت پر ہے۔