وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات،

دونوں ملکوں کا تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

بدھ 22 جنوری 2020 13:42

وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی عالمی اقتصادی ..
ڈیووس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان اور آذربائجان نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کے قومی معاملات پر باہمی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس 2020ء کے موقع پر ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے رکن کی حیثیت سمیت آذربائیجان کے قابل قدر کردار کو سراہا اور نگورنوکاراباخ کے مسئلے پر پاکستان کی طرف سے آذربائجان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آذربائیجان کے صدر نے مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے آذربائیجان کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019ء کے بھارتی حکومت کے یک طرفہ اور غیر قانون اقدام سے آگاہ کیا۔

جہاں پر غیر انسانی لاک ڈائون آج بھی جاری ہے۔ فریقین نے ایک دوسرے کے قومی معاملات کے لئے حمایت کا اعادہ کیا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح پر دو طرفہ رابطوں اور دورو ںکو برقرار رکھا جائے گا۔ الہام علیوف نے وزیر اعظم کو آذربائجان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ میں جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔