سعودی نرس کی انسانیت نوازی کا ہر جانب چرچا ہو گیا

مریم الشمری راستے سے گزر گئی تھی جب اُس نے ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں زخمی خاندان کے چار افراد کو بروقت طبی امداد دے کر ان کی جان بچا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 14:06

سعودی نرس کی انسانیت نوازی کا ہر جانب چرچا ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) یہ دُنیا ابھی انسانیت نواز لوگوں سے خالی نہیں ہوئی۔ تبھی اس کا وجود قائم و دائم ہے۔ ایسی ہی انسانیت نوازی کی ایک مثال سعودی عرب میں ایک خاتون نرس کی صورت میں سامنے آئی ۔ جس نے بروقت حاضر دماغی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو استعمال میں لا کر چار زخمی افراد کی جانیں بچا لیں۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق قصیم شہر میں واقع قبہ ہائی وے پر ایک کار کو ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں فیملی کا سربراہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ گاڑی میں سواردیگر چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ابھی طبی امداد کے ادارے جائے حادثہ پر پہنچنے نہ پائے تھے کہ اسی دوران وہاں سے گاڑی پر گزرنے والی ایک سعودی نرس مریم الشمری نے موقعے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے زخمی افراد کو فوری طبی امداد دینے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ہلال احمر کی جانب سے بتایا گیا کہ اس حادثے کی اطلاع منگل کی رات 7بج کر 28 منٹ پر مِلی تھی، جس کے بعد 3 امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں۔

جہاں پر جا کر دیکھا کہ ایک سعودی نرس وہاں پر موجود چار زخمیوں کی جان بچانے کے لیے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہی تھی۔ جبکہ فیملی کا سربراہ جاں بحق ہو چکا تھا۔ اگر مریم الشمری نامی نرس انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت یہ کام نہ کرتی تو خدشہ تھا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو جاتا۔ ہم سعودی نرس کے اس انسانیت پرستی کے جذبے کو بہت زیادہ سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں موجود مقامی اور غیر مُلکی نرسیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں چھوڑتیں۔ تاہم اُنہیں کئی بار جنسی ہراسگی جیسے معاملات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ سال قنقذہ کے ایک جنرل اسپتال میں پیش آیا۔ جہاں ایک بزرگ شخص نے جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہے، ایک نرس کو ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا۔

میڈیا کے مطابق جب یہ معمر سوشل میڈیا اسٹار ہسپتال گیا تو مریضوں اور میڈیکل اسٹاف نے اْسے پہچان لیا اور اْس کی یوں آوٴ بھگت کی جیسے کسی سُپر سٹار کی ہوتی ہے۔بوڑھا شخص اپنے اس غیر معمولی استقبال پر کچھ زیادہ ہی رومانٹک موڈ میں چلا گیا۔ اسپتال کی خواتین ملازمین نے اْس سے اپنے ساتھ ایک گروپ فوٹو بنوانے کی فرمائش کی جو معمر شخص نے فوری طور پر پْوری کر دی۔

اس دوران وہ ایک خوبصورت نرس پر لائن مارنے لگا۔ بزرگ نے اپنی عمر کا لحاظ کیے بغیر نرس کے ساتھ نامناسب حرکات شروع کر دیں۔ جس پر نرس نے اسپتال کے اعلیٰ حکام کو مطلع کیا۔جنہوں نے سوشل میڈیا کی اس جانی پہچانی شخصیت کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کروا دیا تھا۔ اس طرح سوشل میڈیا پر نیک نامی کمانے والا معمر شخص خود کو جوان سمجھنے کی کوشش میں زمانے بھر میں رُسوائی کا نشانہ بن گیا ۔اس واقعے کے بعد پولیس نے اس عاشق مزاج بزرگ کو گرفتار کر لیا تھا۔