ورلڈ کپ:قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سے اخراج پر ثناء میر کا شدید ردعمل

مسخرے پر الزام عائد نہ کریں کہ وہ مسخرے جیسی اداکاری کیوں کر رہا ہے ،اپنے آپ سے سوال کریں کہ آپ کیوں مسلسل اس سرکس میں جا رہے ہیں: سابق ویمن کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 جنوری 2020 14:15

ورلڈ کپ:قومی ٹی ٹونٹی ٹیم سے اخراج پر ثناء میر کا شدید ردعمل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء ) آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم سے تجربہ کار کرکٹر ثناء میر کو ڈراپ کرنے پر حیرانگی کا اظہار کیا جا رہا ہے تاہم خود سابق کپتان بھی خاموش نہیں رہ سکیں جنہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں واضح کردیا کہ وہ اس فیصلے پر خوش نہیں ہیں اور گزشتہ روز ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنی دل کی بھڑاس نکالنے کی کوشش کی۔

ثناء میر پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سپر سٹار ہیں اور ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون باؤلر ہیں، ون ڈے میں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی سپنر بھی ہیں۔چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے گزشتہ روز ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں ثناء کو ٹی ٹونٹی کے لیے ورلڈ کپ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔34 سالہ ثناء میر نے دل کی بھڑاس نکالنے کے لئے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کا سہار لیا اور انگریزی میں ایک کہاوت لکھی جس کے معنی تھے ’’مسخرے پر الزام عائد نہ کریں کہ وہ مسخرے جیسی اداکاری کیوں کر رہا ہے ،اپنے آپ سے سوال کریں کہ آپ کیوں مسلسل اس سرکس میں جا رہے ہیں‘‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خواتین سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز نے ثناء میر کی حالیہ کارکردگی کو عدم انتخاب کا باعث بتایا تھا جب کہ قومی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ وہ آف سپنر کو ٹیم سے ڈراپ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ نیشنل سٹیڈیم میں ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں 4 وکٹ کی پرفارمنس پر سابق کپتان کو ڈراپ تو کیا گیا البتہ دوسری جانب حال ہی میں سڈنی تھنڈر کیلئے بگ بیش کھیلنے والی سپنر ندا ڈار اسی ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں 44.50کی اوسط سے 2 وکٹ لیکر سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔

دوسری جانب ڈومیسٹک ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کے پانچ میچوں میں 4وکٹ لینے والی فاسٹ بولر ایمن انور کا انتخاب بھی حیران کن ہے۔ یاد رہے کہ چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے ایمن انور کو فروری 2019ء میں ویسٹ انڈیز کے مقابلے پر تین ٹی 20میں 2وکٹ لینے پر ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا پھر 15سال کی عائشہ نسیم کو 5 میچ کھیل کر 64 رنز بنانے پر ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں لے جانا سمجھ سے باہر ہے۔

ایک جانب عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے واجبی سی پرفارمنس پر کئی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کر لیا اور دوسری طرف ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں چند عمدہ پرفارمنس پر کئی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ ایسی ہی کھلاڑیوں میں ٹرائنگولر ٹورنامنٹ میں بلاسٹر کی قیادت کرنیوالی رامین شمیم ہیں جو 19.33کی اوسط سے 6 وکٹ لیکر منتخب نہ ہوسکیں ،18سالہ فاطمہ ثناء 20.67کی اوسط سے 6 وکٹ لیکرسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکیں ۔