ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے اتفاق رائے سے میرے چیمبر کا آئندہ صدر بننے کی منظوری دے دی ہے، افتخار علی ملک

بدھ 22 جنوری 2020 16:33

ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے چیئرمین، سینئرنائب صدرسارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ چیمبر میں 29 سال کی طویل جدوجہد، سارک سیکریٹریٹ پاکستان لانے اور سارک کی اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ کی تعمیرپر ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کی قیادت نے اتفاق رائے سے ان کے چیمبر کا آئندہ صدر بننے کی منظوری دے دی ہے اور وہ مارچ میں سارک چیمبر کے نئے صدر کا منصب سنبھالیں گے۔

میڈیا سی گفتگو میں افتخار علی ملک نے کہا کہ یو بی جی لیڈران سے باہمی مشاورت کے بعد ایف پی سی سی آئی کے منتخب صدرانجم نثار سے انہوں نے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں سینیٹرحاجی غلام علی،خواجہ شاہ زیب،شیخ محمداسلم اورحمیداخترچڈھا بھی موجود تھے، بزنس مین پینل کے رہنمائوں نے سارک کیلئے میری طویل خدمات کو سراہتے ہوئے یہ تسلیم کیا کہ اسلام آباد میں بننے والی سارک کیسٹیٹ آف دی آرٹ 9 منزلہ بلڈنگ آخری مراحل میں ہے تاہم اس کی تکمیل ایک چیلنج ہے کیونکہ بہت سے واجبات ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ انجم نثار اور دیگر رہنمائوں نے میری سارک کیلئی29سال کی خدمات اور سارک کے مرکزی سیکریٹریٹ کی اسلام آباد منتقلی اور سارک کے ممبر8 ممالک میں میں میرے وسیع ترتجربے کو مدنظر رکھ کر مجھے سارک کا آئندہ صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔افتخار علی ملک نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون بڑھانے کیلئے میرا مشن جاری رہے گا،میری یہی کوشش ہوگی کہ سارک ممالک بھارت،سری لنکا، افغانستان، نیپال، بنگلہ دیش، مالدیپ، بھوٹان سے اچھے تعلقات ہوں اور علاقائی تجارت میں اپنا وسیع حصہ حاصل کریں، علاقائی سطح پر برآمدات میں اضافہ ہو اور پاکستان کو فائدہ ہو ۔

انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ سارک ممالک ایک ہوکر علاقے میں امن وسکون کیلئے کام کریں،تجارت بڑھے ۔