وزیر اعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نومنتخب صدر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر گلو بل ویکسین الائنس سیٹھ و دیگر نے کی ملاقات

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں اصلاحات کے پروگرام، ٹیکس نظام میں بہتری اور سماجی تحفظ کے احساس پروگرام کیلئے معاونت جاری رکھے گا، صدر ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کیلئے خصوصی مالیاتی امداد کیلئے ہم ایشیائی ترقیاتی بینک کے شکرگزار ہیں، پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہیں، مشیر خزانہ حفیظ شیخ

بدھ 22 جنوری 2020 18:34

وزیر اعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نومنتخب صدر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ..
ڈیووس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) وزیر اعظم عمران خان ایشیائی ترقیاتی بینک کے نو منتخب صدر ماسا توسو گواساکاوا ،چیف ایگزیکٹو آفیسر گلو بل ویکسین الائنس سیٹھ برکلے ، سمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوکائسر ، آئی ایم ایف کی صدر کرسٹیالینا جورجیوا اور یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوسن ووجکی نے الگ الگ ملاقات کی جس میں مختلف امور زیر غور آئے ۔

بدھ کو یہاں وزیراعظم عمران خان سے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نومنتخب صدر ماساتسوگو اساکاوا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سرمایہ کاری کیلئے سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے ان کی بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے۔ بینک کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پاکستانی قیادت کے ساتھ میری پہلی ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان بہترین تعلقات کار اور تعاون جاری ہے، پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کے بانی اراکین میں شامل ہے اور ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات کار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال جب پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے پروگرام میں گیا تو بینک نے اس کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں اصلاحات کے پروگرام، ٹیکس نظام میں بہتری اور سماجی تحفظ کے احساس پروگرام کیلئے معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ عالمی بینک کے نئے صدر کی وزیراعظم کے ساتھ بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کیلئے خصوصی مالیاتی امداد کیلئے ہم ایشیائی ترقیاتی بینک کے شکرگزار ہیں، پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہیں، بینک نے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور اس میں جدت لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بینک کے نومنتخب صدر کی قیادت میں بینک کے ساتھ تعلقات اور اشتراک کار کو وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر گلوبل ویکسین الائنس سیٹھ برکلے سے ملاقات کی،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری اور سرمایہ کاری کے بارے میں سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو پاکستان میں صحت کے شعبہ کے فروغ کیلئے حکومت کی پالیسی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گلوبل ویکسین الائنس کی جانب سے بچوں کیلئے مہلک تاہم قابل علاج مرض میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معمول کے قطرے پلانے کے شیڈول میں ٹائیفائیڈ ویکسین کو بھی شامل کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

وزیراعظم نے ملک سے پولیو کے خاتمہ اور حفاظتی ٹیکہ جات کے ہدف کے حصول کیلئے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معمول کے ٹیکہ جات پروگرام کیلئے مالی اعانت کا طریقہ کار وضع کر رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر گلوبل ویکسین الائنس سیٹھ برکلے نے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا اعتراف کیا اور اپنے ادارہ کے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم عمران خان سے سمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوکائسر نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی سیّد ذوالفقار عباس بخاری اور سفیر عمومی برائے سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی بھی موجود تھے۔ پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں سمنز کے دیرینہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمند جوان پروگرام کے تحت سمنز پاکستانی انجینئرز کیلئے اعلیٰ ٹیکنالوجی کے تربیتی پروگرام متعارف کرا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہنرمندی کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور شرح نمو میں اضافہ ہو گا اور اس سلسلہ میں سمنز کا تعاون مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے سمنز کو دعوت دی کہ وہ پاکستانی یونیورسٹیوں کی مدد کرے۔

وزیراعظم نے سمنز نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ سمنز کا شمار بجلی، آٹومیشن، ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں کام کرنے والی دنیا کی ممتاز کمپنیوں میں ہوتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی صدر کرسٹیالینا جورجیوا نے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس 2020ء کے موقع پر یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری اور سرمایہ کے لئے سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی کے علاوہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سوسن ووجکی نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کے تشخص، سیاحت، تعلیم اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔