چوک شاندار کے چاروں اطراف مصروف سڑکوں پر چنگ چی موٹرسائیکل رکشہ جات کا گھیراؤ،موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں والوں کا گزرنا مشکل جبکہ ٹریفک پولیس میں بھی ہمدردی کا رویہ پیدا ہوگیا

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 22 جنوری 2020 19:00

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) جادہ تا کچہری ، کچہری تا شاندار چوک سمیت اولڈ جی ٹی روڈ پر واقع ہائی و پرائمری سکولزو کالجز کے باہر چھٹی کے اوقات کے وقت طلبہ و طالبات کو واپس گھروں کو پہنچانے کے لئے کھڑے رکشاؤں ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کیوجہ سے طویل دورانئے تک سڑکیں بند ہونے لگیں ،چھٹی کے اوقات میں مسافروں ، ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کے افسران و اہلکاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس کا عملہ نہ ہونے کی وجہ سے چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کے اژدہا نے راہگیروں کے لئے مسائل کھڑے کر دےئے ، اس دوران پیدل چلنے والوں کا نیا امتحان شروع ہو جاتا ہے ، راہگیروں کو طویل دورانئے تک ٹریفک کے کھلنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ اس دوران ایمبولنسسز سمیت سرکاری اداروں کی گاڑیوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کیوجہ سے کچہری روڈاور شاندار چوک کی جانب آمدوفت کرنے والوں کے وقت کا ضیاع بھی ہوتا ہے ، یاد رہے کہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین جہلم کے سامنے سروس اسٹیشن ،رینٹ اے کار اور دیگر دکانوں کی وجہ سے بھی ٹریفک جام رہتی ہے کیونکہ سروس اسٹیشن مالکان اور رینٹ اے کار مالکان اپنی گاڑیاں باہر کھڑی کر کے سڑک بند کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے والدین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے شہریوں نے ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ کچہری روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔