احتساب عدالت ، آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دائر پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی

بدھ 22 جنوری 2020 19:51

احتساب عدالت ، آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دائر پارک لین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دائر پارک لین اور میگامنی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی ہے ۔عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم انور مجید کو ائیرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کے لیے انتظامات کیئے جائیں۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر ممبر سندھ اسمبلی فریال تالپور، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔اس موقع پر وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری علیل ہیں جس کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے لہذا استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کو حاضری سے استثنٰی دے دیا۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ انور مجید کو ائیر ایمبولینس سے لانے کے حوالے سے کیا بنا جس پر پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ نیب کے پاس ائیر ایمبولینس نہیں ، تاہم اس حوالے سے ہیڈکوارٹرز کو لکھا ہے ۔عدالت نے انور مجید کو آئندہ سماعت پر ایئرایمبولنس کے ذریعے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔