وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے علاوہ کسی دوسرے کے پاس اختیارات ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہیں: انصرمجیدخان

بھارت میں نصیرالدین شاہ سے شہریت دریافت کرنا مودی کی انتہائی شرمناک اقدام ہی: وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب

بدھ 22 جنوری 2020 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصرمجید خان نے کہاہے کہ پنجاب میں سردارعثمان بزدار کے علاوہ کسی دوسری جماعت کے پاس اختیارات ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیاد ت میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے قلیل عرصہ کے دوران پنجاب کی عوام کیلئے بے پناہ آسانیاں پیدا کیں۔

آج اپنے ایک بیان میں وزیر محنت پنجاب انصرمجید خان نے مزیدکہاکہ سردار عثمان بزدار نے بہترین ایڈمنسٹریٹر ہونے کے ساتھ ساتھ خود کوعوامی وزیراعلیٰ بھی ثابت کرکے دکھایاہے۔وزیراعظم عمران خان کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے پاکستان کو خطے کا اہم ترین ملک قرار دیاجا رہاہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں نصیرالدین شاہ سے شہریت دریافت کرنا نریندرمودی کی جانب سے انتہائی شرمناک اقدام ہے۔

انصرمجید خان نے کہاکہ نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیر کو مسلمانوں کیلئے جیل بناکر زندگی تنگ کر رکھی ہے۔عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور کالاقانون ختم کروانے کیلئے اپناکردار ادا کرے۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے ثالثی کی پیش کش انتہائی مثبت اقدام ہے۔وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔