نارنگ منڈی: اندرون شہر محلہ رحمان پارک میں 6مہینوں سے گلیوں میں کھڑے گندے اور آلودہ پانی سے اٹھنے والی بد بو اور تعفن کو برداشت نہ کرتے ہوئے شہری محمد نعیم جاں بحق پورا محلہ مختلف موزی بیماریوں کا شکار ہونے پر اہل محلہ کا شدید احتجاج حکومت اور ڈی سی شیخوپورہ سے سخت نوٹس لینے اور آب نکاس کا ہنگامی بنیادوں پر بندوبست کرنے کا مطالبہ

بدھ 22 جنوری 2020 22:31

نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) اندرون شہر محلہ رحمان پارک میں 6مہینوں سے گلیوں میں کھڑے گندے اور آلودہ پانی سے اٹھنے والی بد بو اور تعفن کو برداشت نہ کرتے ہوئے ایک شہری محمد نعیم فریزر والے گر کر بے ہوش ہو گئے اور پھر جاں بحق ہو گئے جبکہ پورا محلہ مختلف موزی بیماریوں کا شکار ہونے پر اہل محلہ کا شدید احتجاج حکومت اور ڈی سی شیخوپورہ سے سخت نوٹس لینے اور آب نکاس کا ہنگامی بنیادوں پر بندوبست کرنے کا مطالبہ مظاہرین نے بتایا کہ محلہ رحمان پارک شہر کے وسط میں ٹائون کمیٹی کے سامنے واقع ہے اورآبادی کے لحاظ سے بڑا علاقہ ہے پورے محلہ میں آب نکاس کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے مکین شدید عذاب میں مبتلا ہیں قبل ازیں اہل محلہ کے گھروں کا گندہ پانی کھیتوں میں جاتا تھا اور کھیتوں کے مالکان نے مضبوط بند بنا کر پانی کا نکاس بند کر دیا ہے اب صورتحال یہ ہے کہ کئی ماہ سے گندہ اور غلیظ پانی پورے محلہ کی گلیوں میں کھڑا رہتا ہے اور کہیں ایک فٹ سے زیادہ ہونے کی وجہ سے گھروں کے اندر داخل ہو رہا ہے آج تک کسی عوامی نمائندے اور سرکاری ادارے نے توجہ نہیں دی شدید سردی میں بچے بچیاں گندے اور یخ پانی سے گزر کر سکولوں میں جاتے ہیں اور پورے محلہ کوگندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے مظاہرین نے کہا کہ ہر حکومت نے آب نکاس کیلئے تعمیرو ترقی کے منصوبہ کو مکمل کرنے کا وعدہ کیا جو طفل تسلی ثابت ہوا گزشتہ روز محلہ کا مکین محمد نعیم جو چار بچوں کا باپ تھا بے تحاشا گندگی اور تعفن برداشت نہ کرتے ہوئے حالت غیر ہونے پر دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گیا اس واقعہ کے باعث پورا محلہ سراپا احتجاج بن گیا واضح رہے کہ گندے پانی کے نکاس کیلئے ضلعی انتظامیہ کو بھی بے شمار درخواستیں دی گئیں لیکن فنڈ نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ٹرخایا جاتا رہا اہل محلہ نے ہاتھ جوڑتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے