وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کا سنٹرل جیل پشاور کا دورہ

بدھ 22 جنوری 2020 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد خان نے بدھ کے روز سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی آصف خان ، پیر فدا محمد اورسٹینڈکمیٹی برائے جیل خانہ جات کے ممبر سلیم بابر بھی معاون خصوصی ان کے ہمراہ تھے ۔ آئی جی جیل خانہ جات مسعود خان اور سپرنٹنڈنٹ جیل خالد خان نے معاون خصوصی کی معاونت کی ۔

تاج محمد خان نے جیل میں خواتین بارک کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے لئے گرم پانی کا گیز ر اور بجلی ہیٹر لگانے کے لئے نقد 38ہزار روپے دئیے جبکہ بارک میں قید خواتین نے جیل انتظامیہ کی طرف سے ملنے والی سہولیات پراطمینان کا اظہار کیا ۔معاون خصوصی نے قیدخواتین کے بچوںسے پیار کرتے ہوئے انہیں کھلونے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے جیل انتظامیہ سے کہا کہ ایسی خواتین جو وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں ایک لسٹ بناکر انہیں بھیج دی جائے تاکہ ان کے لئے وکلاء فراہم کئے جائیںاور انہیں فوری انصاف مل سکے۔

معاون خصوصی نے قیدی خواتین کو سلائی اور کڑائی سکھانے اور انہیں بڑی جگہ فراہم کرنے کی بھی تاکیدکی ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ خالد خان نے معاون خصوصی کو بتایا کہ جیل میں موجود 424اہلکار ناکافی ہیںاور مزید 576اہلکاروں کی ضرورت ہے ۔ اس پر معاون خصوصی نے بتایا کہ وہ وزیر اعلیٰ سے بات چیت کریں گے اور یہ مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے جیل سے کچرا اٹھانے کے لئے ایک ٹریکٹر اور ٹرالی کا مطالبہ بھی کیا ۔

معاون خصوصی نے جیل میں طبی سہولیات کے بارے جیل ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے قیدی مریضوں کو جن کو بڑے ہسپتالوں میں علاج کی ضرورت ہو ان کی بھی ایک لسٹ بناکردی جائے تاکہ ان کو بروقت علاج معالجہ فراہم ہو سکے ۔معاون خصوصی نے جیل لنگرخانے کا معائنہ کرتے ہوئے قیدیوں سے خوراک کے بارے میں پوچھا تمام قیدیوں نے کہا کہ صبح کا ناشنہ اور دو وقت کا بہترین کھانا ملتا ہے جبکہ قیدیوں کو پی آئی ایس آر سے تصدیق شدہ ہائی فلٹریشن پانی فراہم ہوتاہے ۔

قیدیوں کی جانب سے ٹی وی سکرین ، گرم پانی اور کھانا گرم کرنے کے لئے گیس کے چھولے فراہم کرنے کے مطالبے پر معاون خصوصی نے ان کی فراہمی کی بھی تاکید کی ۔معاون خصوصی نے نئے بارکس میں چھت پنکھوں کی تعداد تین کی بجائے چھ کرنے کی ہدایت کی تاکہ گرمیوں میں قیدیوں کو گرمی کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کمرہ ملاقات کے لئے بڑے جگہ فراہم کرنے کی بھی یقین دھانی کرائی ۔

بعض قیدیوں نے پولیس سے شکایات کیں کہ انہیں بے گناہ پھنسایا ہے جس پر معاون خصوصی نے آئی جی پی پولیس سے ملاقات کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا یہ مسئلہ آئی جی پی سے خود ملنے پر اٹھائوں گا تاکہ تھانوں سے درست تفتیش کے بعد رپورٹ درج کی جائیںاور بے قصور افراد کو نہ پھنسائیں ۔معاون خصوصی نے معذور قیدیوں کو باقی قیدیوں سے علیحدہ رکھنے کی تاکیدبھی کی اور جیل میں کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن روم کا بھی معائنہ کیا ۔معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان اور وزیر اعظم عمران کے ویژن اور عوام سے کئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہیں ۔