دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاسبان ہندو برادری کے ساتھ ہے،عبدالحاکم قائد

بدھ 22 جنوری 2020 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاسبان ہندو برادری کے ساتھ ہے۔ اقلیتیں پاکستان کا حصہ اور ہمارے دلوں کے قریب ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کو بھی وہ تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں جو ایک مسلمان شہری کو حاصل ہیں۔سندھ حکومت فوری متاثرہ خاندانوں کے نقصان کا ازالہ کرے۔

سر چھپانے کے لئے رہائش کا بندوبست کرے ۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کراچی شہر تباہ ہو رہا ہے۔ ماضی میں پورے پاکستان کو روزگار فراہم کرنے والا شہر آج بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے ۔کراچی جیسے میگا سٹی کے لئے آگ بجھانے کا جدید نظام بنایا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کر دہ بیان میں تین ہٹی کے قریب رات گئے آگ لگنے کے نتیجے میں ہندو برادری کی جھگیاں جلنے اور مالی نقصان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عبدالحاکم قائد نے کہا کہ کراچی میں کافی عرصے سے جاری محکمہ فائر بریگیڈ کی زبوں حالی اور کشیدگی کے باعث آتشزدگی کی اطلاعات پر محکمہ فعال نہ ہونے کی بنا پر فوری کاروائی نہ ہو سکی اور دو سو سے زائد غریبوں کی جھگیاں اور ان میں موجود سامان جل کر خاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

غریب لوگ اپنی متاع حیات جلتے دیکھ کر روتے رہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نورا کشتی کے باعث آج روشنیوں کے شہر کراچی کی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ یہاں غریبوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ لوگوں کے جینے یا مرنے سے ان بے ضمیر حکمرانوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔روٹی ، کپڑا اور مکان کی صدا لگانے والے مردہ حکمرانوں کو لوگوں کی چیخیں سنائی نہیں دیتیں۔

ایم کیو ایم کو اقتدار میں حصہ داری کی فکر ہے اہل کراچی کے مسائل کی نہیں۔حکمران بے گھر شہریوں کو گھر نہیں دے سکتے تو ان کی جھونپڑیوں کو ہی بچا لیتے ۔سخت سردی میں ان غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔شدید ٹھنڈ کے باوجود کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ وفاق اور صوبوں کے مابین جاری جنگ کا سب سے زیادہ نقصان سندھ کی عوام کو ہو رہا ہے، عوام پانی کی بوند بوند اور روٹی کے نوالے کو بھی ترس رہے ہیں۔

غریب ہندو برادری کی جھونپڑیوں میں لگنے والی آگ مرے پہ سو دُرے مارنے کے برابر ہے۔ پاسبان کا مطالبہ ہے کہ حکومت سندھ ہنگامی بنیادوںپر آگ سے متاثرہ خاندانوں کی داد رسی کے لئے اقدامات کرے ۔فوری ان خاندانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔معقول رہائش کا بندوبست ہونے تک سر چھپانے کے لئے رہائش کا بندوبست کیا جائے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں پاکستان کا حصہ ہیں، انہیں بھی زندگی گذارنے کے وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو دیگر شہریوں کو ہیں۔ پاسبان ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہر ممکنہ مدد کا عزم رکھتی ہی#