شہر خاموشاں کے ملازمین کی تنخواہیں جلد بحال کی جائیں، ہاشم جواں بخت

سیوریج سے متعلقہ عملہ کی مراعات میں اضافہ ، ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت مالی معاونت کے پروگرامز میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے،صوبائی وزیر خزانہ پنجاب

بدھ 22 جنوری 2020 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ سیوریج سے متعلقہ عملہ کی مراعات میں اضافہ ، ہیلتھ کارڈ کی فراہمی اور سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت مالی معاونت کے پروگرامز میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔ شہر خاموشاں کے ملازمین کی تنخواہیں جلد بحال کی جائیں ۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے اہداف واضح کیے جائیں تاکہ محکمے غیر متعلقہ ایجنڈے کمیٹی میں لانے سے احتراز کریں ۔

پنجاب احساس پروگرام کے تحت رواں مالی سال کے بجٹ میں اعلان کردہ تمام سکیموں کے اجراء کو جلد ازا جلد یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 20ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ تمام اضلاع میں واٹر اینڈ سینیٹری اتھارٹیز سے پلمبرز اور صفائی کرنے والے ملازمین کے اعداد و شمار اکٹھے کریں تاکہ ان کی تنخواہوں اور مراعات کا تخمینہ لگایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے صفائی کرنے والے عملہ کو پینشن کی فراہمی حوالے سے معاملات پر نظر ثانی کا بھی عندیہ دیا ۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے 20سے زائد ایجنڈے پیش کیے گئے ۔ جن میں ورلڈ بنک کے اشتراک سے ہیومن کیپیٹل پروگرام کی منظوری، انٹرنیشنل کبڈی فیسٹول کے انعقاد،اقبال لائبریری جہلم کی مرمت، انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں آڈیٹر کی بھرتی، سپورٹس بورڈ پنجاب کو واجب الاداقوم کی ادائیگی ، پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کی مرمت ، کیش ٹرانسفر سکیم کے لیے فنڈز کی منظوری نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے لیے موہلنوال کے بجائے کالا شاہ کاکو میں اراضی کے حصول کی اجازت شامل تھی ۔

صوبائی وزیر نے پنجاب ہائوسنگ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ اراضی کے حصول سے قبل اس کی فزیبیلٹی تیار کریں ۔ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کمیٹی کو اپنی استعداد کار سے آگاہ کرے ۔ محکمہ ہیلتھ ایجوکیشن لوکل گورنمنٹ سے متعلق سیوریج سکیموں میں محکمہ لوکل گورنمنٹ سے بھی استفادہ کرے ۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شریک تھے ۔