زرعی ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران شرمناک ہے، پیر اعجا ز ہاشمی

آٹے پر الزامات کی سیاست کی بجائے، حکومت بحران ختم کرے

بدھ 22 جنوری 2020 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیراعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنا حیران کن اور شرمناک ہے ۔ پہلے عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں نے گندم افغانستان بھجوائی اور اب بیرون ملک سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ بھی پی ٹی آئی کے کرپٹ اور منافع خور مافیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیاگیا ہے۔

آٹے کے بحران پر الزامات کی سیاست کرنے کی بجائے، حکومت اس بحران کو ختم کرے۔ پی ٹی آئی کی وفاقی اورد وصوبائی حکومتیں سندھ کو بحران کا ذمہ قراردے رہی ہیں۔ اس سے زیادہ شرمناک بات نہیں ہوسکتی کہ کوئی حکومت افسوسناک بحران کی ذمہ داری لینے اور تحقیقات کرنے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

ہم عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ آٹے اور چینی کے بحران کے پیچھے چھپے مافیا کو بے نقاب کرے۔

جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جب سے عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم بنے ہیں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور بے برکتی بڑھ گئی ہے۔غریب کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہے اور اب وزیراعظم عمران خان لوگوں کو قبر کے راستے بتا رہے ہیں ۔آٹے، چینی، بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو وہ دن دور نہیں جب بیروزگاری اور مہنگائی کے ستائے عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ جائیں گے۔نیا پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے عوام کا جو حشر کردیا ہے ان حالات میں معاشرے میں جرائم اور خودکشی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے۔