تحریک انصاف حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے ،خورشید میرانی

بدھ 22 جنوری 2020 23:22

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے صدر خورشید میرانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے ، وزیر اعظم عمران خان اور انکے وزراء سمیت مشیران نااہل ہیں ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہے ، اشیاء خورد نوش کی بے تحاشہ بڑھتی ہوئی قیمت نے ملک کی غریب اور مظلوم عوام سے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے اور پی ٹی آئی حکومت سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہی ہے ، ن لیگ عوامی مسائل پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھی گی اور نا ہی ملک کی غریب اور مظلوم عوام کو تنہا چھوڑیگی ن لیگ کے کارکنان پاکستان کی سلامتی و بقاء سمیت عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کیلئے میاں قائد نواز شریف و دیگر قائدین کے زیر سائیہ عوام کیساتھ کھڑے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں سماجی رہنما ندیم قریشی و دیگر معززین شہریوں سے ملاقات کے دوران کیا ، شہری وفد نے انہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شہر سکھر کے مسائل سے آگاہ کیا ، ن لیگ ڈسٹرکٹ سکھر کے صدر خورشید میرانی کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ ضلع سکھر شہر ی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے سکھر کے شہری دریائے سندھ کے کنارے آباد ہونے کے بعد بھی صاف پینے کے پانی سے محروم ہیں ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، تزئین و آرائش کے نام پر شہر کے تفریحی پوائنٹ کو تباہ کر دیا گیا ہے ، عوامی احتجاج کے باوجودسکھر کے افسران و منتخب نمائندگان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ، خورشید میرانی نے مزید کہا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک کو معاشی بحران ، عوام کو مہنگائی کا تحفہ دیکر پاکستان کے منافع بخش اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے ، پاکستان ریلوئے کے محنت کش ملازمین کو تنخواہ سے محروم رکھا جا رہا ہے جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے ،ہم پاکستان کے تمام اداروں کے محنت کش ملازمین کے حقوق کیلئے انکے ساتھ ہیں ۔

#