صوبائی حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے، بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر بااختیار بنانے کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے ذریعہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

بدھ 22 جنوری 2020 23:27

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو 44فیصد سے زائد رقبے پر محیط ہے، صوبے کی زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے، صوبائی حکومت دیہی علاقوں کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے، بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر بااختیار بنانے کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کے ذریعہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ضلع کیچ کے شہر تربت کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ آج اس قدیم تاریخی شہر میں وزیراعلیٰ پنجاب ہمارے درمیان موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس دورہ سے صوبائی ہم آہنگی اور صوبوں کے مابین روابط کو مزید فروغ ملے گا اور دونوں صوبوں کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا، صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں صحت، تعلیم اوردیگر محکموں کو بھی مرحلہ وار ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فعال کیا جائے گا جس سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع کیچ کے عوام باشعور اور پڑھے لکھے ہیں، بلوچستان کی تعمیروترقی میں مکران کے لوگوں کو بنیادی کردار ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ مکران کے لوگوں کے لئے باعث عزت و اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ مکران ڈویڑن کو بلوچستان میں ایک خاص مقام حاصل ہے، یہاں کی سرزمین نے عطاشاد اور سید ظہور شاہ ہاشمی جیسے شاعر اور ادیب پیدا کئے، انہو ں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح مکران کی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کررہی ہے، یہاں یونیورسٹیاں، میڈیکل، انجینئرنگ اور لاء کالج کے علاوہ سپورٹس کمپلیکس کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں کمشنر مکران ڈویژن طارق قمر بلوچ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے انہیں مکران ڈویژن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، سرکٹ ہاؤس پہنچنے پر دونوں وزراء اعلیٰ کو لیویز کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ تربت آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب کا علاقے کے عمائدین اور عوام کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو روایتی پگڑی پہنائی۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا، دونوں وزرا ء اعلیٰ نے بذریعہ ہیلی کاپٹر میرانی ڈیم اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے برف اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی امدادوبحالی کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے بھرپور معاونت کی یقین دہائی کرائی۔ تربت کا دورہ مکمل کرکے دونوں وزراء اعلیٰ گوادر روانہ ہوگئے۔