بھارت کے رافیل طیاروں کے مقابلے میں ہم بھی طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے اقدامات کریں گے

اگر بھارتی فضائیہ اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کر رہی ہے تو پھر پاک فضائیہ بھی جوابی اقدامات کرے گی: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان

muhammad ali محمد علی بدھ 22 جنوری 2020 21:15

بھارت کے رافیل طیاروں کے مقابلے میں ہم بھی طاقت کا توازن برقرار رکھنے ..
اسلام آباد  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2020ء) ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے رافیل طیاروں کے مقابلے میں ہم بھی طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے اقدامات کریں گے، اگر بھارتی فضائیہ اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کر رہی ہے تو پھر پاک فضائیہ بھی جوابی اقدامات کرے گی۔ اس سے قبل گزشتہ برس بھارتی فضائیہ کی نئے سربراہ راکیش کمار سنگھ نے پاکستان اور چین کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ رافیل طیارے کی فضائی بیڑے میں شمولیت سے ہمیں پڑوسی ملک پر سبقت حاصل ہو جائے گی۔

بھارتی فضائیہ کے نئے سربراہ نے پرانی گیدڑ بھبکیاں دیتے ہوئے کہا تھا کہ رافیل طیاروں کو انڈین ائیر فورس کا حصہ بن جانے کے بعد اسے ایس یو 30 کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس سے جنگی محاذ پر بھارتی فضائیہ کو پاکستان اور چین پر سبقت حاصل ہو جائے گی۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ رافیل طیاروں کی شمولیت سے انڈین ائیر فورس کے آپریشنل صلاحیتوں میں بے پنایا اضافہ ہو جائے گا۔

ہم کسی بھی آپریشن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ برس فروری میں پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کیا تھا۔ ایک تقریب سے خطاب میں ان کاکہنا تھا کہ ان دنوں ملک میں بہت شور اٹھ رہا ہے اور ایک سوال اٹھ رہا، رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

جبکہ اب پاکستان نے بھی واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اقدامات کرے گا تو پھر پاکستان بھی طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے اقدامات ہر صورت اٹھائے گا۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھی جائے کہ بھارت کی جانب سے اپنے دفاع کیلئے کھربوں روپے لگائے جاتے ہیں تاہم اس کے باوجود بین الاقوامی ماہرین ہمیشہ سے پاکستان کی ایئرفورس کو بھارت کی ایئرفورس سے کہیں زیادہ بہتر قرار دیتے آئے ہیں۔