منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں : چیف سیکرٹری پنجاب

,سیکرٹری ہیلتھ جیل حکام کیساتھ ملکر قیدیوں کی بلڈ سکریننگ کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے کٹس کی فراہمی یقینی بنائیں : اعظم سلیمان

بدھ 22 جنوری 2020 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر ) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس میںلاہور ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں صوبے میںجیلوںمیں قید افرادکی بلڈ سکریننگ، نادرا سے ان کی بائیو میٹرک تصدیق کے علاوہ نشے کے عادی قیدیوں کے علاج وبحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر کے محکموں کے ایڈ منسٹریٹو، سیکرٹریز، آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں صوبے میں تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کی روک تھام کے سلسلے میںکئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں سرکاری سطح پر بحالی مراکز قائم کئے جائیں۔ اجلاس میں تقریبا 25کروڑ روپے کی لاگت سے کالا شاہ کاکو کے قریب بحالی مرکز کے قیام کے پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق تجویزپر تفصیلی غور کیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیکرٹری ہیلتھ جیل حکام کیساتھ ملکر قیدیوں کی بلڈ سکریننگ کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے کٹس کی فراہمی یقینی بنائیں۔اجلاس میں تمام سرکاری، نجی سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کی ہیلتھ پروفائلنگ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے قانون نافذکرنے والے اداروں کو تعلیمی اداروں کے باہر اس گھناو نے کاروبار میں ملوث افرد کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے متعلق احکامات بھی جاری کئے۔