پاکستان کے ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپ ’’آئی آٹومیٹ‘‘ نے سٹارٹ اپس کے قومی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

ہمیں نوجوانوں کے سٹارٹ اپس یا کاروباری جہتوں کو فروغ دینا ہوگا،ڈاکٹر سلمان شاہ

بدھ 22 جنوری 2020 23:52

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان کے ابھرتے ہوئے سٹارٹ اپ ’’آئی آٹومیٹ‘‘ نے سٹارٹ اپس کے قومی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے اور اب یہ سٹارٹ اپ مارچ 2020 ء میں دبئی میں ہونیوالے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا،پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور نیٹ سولNSpire (NETSOL) نے باہمی تعاون سے ’’PUNJAB Goes Global‘‘ کے عنوان سے سٹارٹ اپس کے اس قومی مقابلے کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے پچاس سے زائد سٹارٹ اپس نے شرکت کی۔

ان پچاس سٹارٹ اپس میں سے 13 کو بین الاقوامی طور پر سیٹ کئے گئے طریقہ کار کے مطابق چنا گیا اور گزشتہ روز ججوں نے ’’آئی آٹو میٹ‘‘ کو پاکستان کا بہترین سٹارٹ اپ قرار دے دیا جو کہ اب مارچ 2020ء میں دبئی میں ’’AIM Start-up - 2020‘‘کے عنوان سے ہونیوالے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا، یاد رہے کہ اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے 80 سے زیادہ ممالک سے سٹارٹ اپس حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان، نیٹ سول کے سربراہ ندیم غوری، سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت جہانزیب برانہ، سیکرٹری انڈسٹریز ظفر اقبال، سی او او ہارون شوکت، ڈائریکٹر شرقی احمد ٹیپو سمیت حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آبادی کا ساٹھ فیصد تیس سالہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمیں ان نوجوانوں کے سٹارٹ اپس یا کاروباری جہتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ جب تک نوجوانوں کو اپنے کاروبار کی تلقین نہیں کی جائے گی معاشرے سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ نہیں ہو گا۔ تقریب سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان، سی ای او جہانزیب برانہ، سیکرٹری انڈسٹریز کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ تقریب نوجوانوں میں کاروباری جہتوں کی تبدیل کرنے اور اپنے کاروبار کو فروغ د ے گا۔

اسی تقریب میں کل کے کامیاب انسان بیٹھے ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان نوجوانوں کو صحیح سمت میں گامزن کیا جائے۔ تقریب میں 12 سٹارٹ اپس نے اپنے پراجیکٹس کی بریفنگ دی جبکہ ججز نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق کامیاب پراجیکٹ کا اعلان کیا جس کے مطابق ’’آئی آٹومیٹ‘‘ کو فاتح قرار دیا گیا جو اب مارچ 2020ء میں دبئی میں ہونیوالے بین الاقوامی سٹارٹ اپس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ تقریب میں طلباو طالبات کی بڑی تعداد کے علاوہ آئی ٹی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بھی شرکت کی۔