وزیر اعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات مفید رہی،عالمی اقتصادی فورم میں ساری توجہ معاشی مسائل پر مرکوز کی گئی ،پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعرات 23 جنوری 2020 00:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات مفید رہی، ملاقات میں ایف اے ٹی ایف اور تجارت سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی، امریکی صدر نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی کہ پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جائیں جو خوش آئند ہے ۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں جس کا دنیا اعتراف کر رہی ہے ۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ڈیڑھ سال کے قلیل وقت میں ملک میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں دنیا کے بڑے سرمایہ کار آئے ہیں۔

فورم میں ساری توجہ اقتصادی مسائل پر مرکوز کی گئی ہے، پاکستانی ٹیم نے بھی بھرپور طریقے سے فورم کے سامنے اپنا کیس پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کیلئے اہمیت رکھتا ہے، پاکستان نے خلوص نیت کے ساتھ امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کیلئے کردار ادا کیا، بدقسمتی سے دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے تاہم امید ہے کہ افغان امن عمل پر جلد مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔