سعودی مملکت میں پہلی اینیمیٹڈ کارٹون فلم نمائش کے لیے پیش کر دی گئی

یہ فلم 24 جنوری سے ایم بی سی 1 پر قسط وار نشر کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 جنوری 2020 10:54

سعودی مملکت میں پہلی اینیمیٹڈ کارٹون فلم نمائش کے لیے پیش کر دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2020ء) سعودی مملکت زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے۔ وہیں پر تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سعودی مملکت میں بچوں کو معیاری تفریح فراہم کرنے کی خاطر ایک اور شاندار قدم اُٹھایا گیا ہے۔ مملکت میں جاپانی کارٹون انیمے کی طرز پر پہلی سعودی کارٹون فلم سیریز ”لیجنڈز اِن اولڈ ٹائم“ تیار کر لی گئی ہے جو کل 24 جنوری سے ایم بی سی 1 پر قسط وار نشر کی جائے گی۔

سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی یہ فلم جاپانی ”توئی انیمے“ اسٹوڈیو کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ یہ اسٹوڈیو جاپان کا مشہور اور قدیم اسٹوڈیو ہے جس کی شہرت بین الاقوامی سطح پر ہے۔ العربیہ نیٹ کے مطابق یہ فلم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان چیریٹی فاؤنڈیشن ”مسک“ کے زیر انتظام ”مانجا پروڈکشنز“ کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

13 اقساط پر مبنی اس فلم میں سعودی اور دُنیا کے قدیم ثقافتی رنگوں اور تاریخ سے بچوں کو روشناس کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔

جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ دیگر عرب ممالک میں بھی عوام کو ایک معیاری تفریح فراہم کرے گی۔ اس موقع پر'مانجا پروڈکشن' کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عصام بخاری نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور دیگر تمام عرب ممالک کے لیے ایسا تخلیقی میدان اور مواد فراہم کرنا چاہتے ہیں جو سعودی عرب کی آنے والی نسلوں کے لیے تحقیق وجستجو اور علوم وفنون کوآگے بڑھانے کے لیے بنیاد فراہم کرسکے۔ یہ فلم خاص طورپر بچوں کے لیے زیادہ دلچسپی کی حامل ہوگی کیونکہ اس میں جزیرة العریب کی قدیم کہانیوں کو خوبصورت اور دلکش انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔عوام میں سعودی تاریخ کی پہلی اینیمیٹڈ فلم کا بہت بے تابی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔