کشمیر پر کشیدگی دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے. وزیراعظم

امریکی صدر مسئلے کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کریں. عمران خان کا امریکی نشریاتی ادارے سے انٹرویو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 23 جنوری 2020 15:23

کشمیر پر کشیدگی دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے. ..
ڈیوس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کا شکار خطے کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کریں. امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر اس سے کہیں زیادہ سنجیدہ مسئلہ ہے جتنا لوگ یا دنیا سمجھتی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ بھارت پر انتہا پسندانہ نظریہ غالب آچکا ہے جسے ہندوتوا یا آر ایس ایس کہا جاتا ہے اور نریندر مودی اس انتہا پسند تنظیم کا تا حیات رکن ہے.

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 80 لاکھ لوگ گزشتہ سال 5 اگست سے محاصرے میں ہیں، بھارتی فورسز ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو تحویل میں لے چکی ہے اور ان کے تمام سیاسی راہنماﺅں کو گرفتار کرلیا گیا ہے.

انہوں نے خبردار کیا کہ یہ انتہائی سنجیدہ صورتحال ہے جو دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے متعلق ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں.انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تنازع ترقی پذیر ممالک کے لیے تباہ کن ہوگا کیونکہ اس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہیں اور پاکستان صرف قیام امن میں ہی شراکت داری کرے گا انہوں نے یاد دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث پاکستان کو جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے.

عمران خان نے کہا کہ پاکستان اب محفوظ ملک ہے جہاں کاروبار کے شاندار مواقع ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکریت پسندوں کو غیر مسلح کردیا ہے اور وہ پرامن زندگی گزار رہے ہیں وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور امریکی صدر پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مداخلت کرنے پر ایک مرتبہ پھر زور دیا.انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام کو ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کرنے دیا جانا چاہیے کہ وہ کس ملک کے ساتھ الحاق کرنا چاہیں گے عمران خان نے بھارت میں جاری متنازع شہریت قانون پر جاری مظاہروں پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا.