ٹیکسٹائل سیکٹر کو ہفتہ میں 5 سے 6 روز بجلی وگیس کی مسلسل فراہمی ممکن بنا دی جائے تو آئندہ ایک ڈیڑھ برس میں ٹیکسٹائل برآمدات میں دوگنا اضافہ کردیا جائیگا،

پاکستان کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی، ترجمان آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

جمعرات 23 جنوری 2020 15:48

ٹیکسٹائل سیکٹر کو ہفتہ میں 5 سے 6 روز بجلی وگیس کی مسلسل فراہمی ممکن ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) آل پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاہے کہ اگر حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو ہفتہ میں 5 سے 6 روز بجلی وگیس کی مسلسل فراہمی ممکن بنا دے تو آئندہ ایک ڈیڑھ برس میں ٹیکسٹائل برآمدات میں نہ صرف دوگنا بلکہ اتنا اضافہ کردیاجائیگا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی کارکردگی میں بہتری لا کر روپے کی قدر میں اضافہ اور ڈالرکی قدر میں کسی حد تک کمی ممکن بنائی جا سکتی ہے تاہم اس کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ وقت کیلئے بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ پاکستان آئندہ 3سی4برس میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 26 سی30 ارب ڈالر تک کا بآسانی اضافہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگرچہ حکومت توانائی کے بحران سے نجات کیلئے ڈیم،ہائیڈل پاور کے دیگر ذرائع، کوئلے سے استفادہ سمیت سولر پاور اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش اور تیل کے کنویں کھودنے کے بھی اعلانات کررہی ہے تاہم اسے اہم ترین ترجیح قرار دیاجانااشد ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت صنعت دوست پالیسیاں تشکیل دے تاکہ ملک میں معاشی استحکام کی راہیں ہموار ہو سکیں۔انہوںنے کہاکہ اگرچہ پرائم فیڈرز پر چلنے والی صنعتوںکوگیس کی مطلوبہ پریشر اور کوٹہ کے مطابق عدم دستیابی سمیت لوڈمینجمنٹ کا سامنا ہے مگر پھر بھی ٹیکسٹائل سیکٹر موجودہ سیزن کے دوران 3ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہے جس کی مثال گزشتہ برس کے مقابلہ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 21فیصد اضافہ ہے۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ حکومت توانائی کے حصول کیلئے کوئلے کے ذخائرسے ہنگامی بنیادوں پر استفادہ یقینی بنائے گی۔