ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا

اعلی حکام سے ملاقات، قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے تعزیت، پارلیمنٹ کا دورہ کیا

جمعرات 23 جنوری 2020 15:48

ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) ملی یکجہتی کونسل کا وفد ایران کا 9 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔ 9رکنی وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی، وفد میں علامہ عارف واحدی، ناصر شیرازی، پیر صفدر گیلانی، ثاقب اکبر سمیت دیگر ارکان شامل تھے۔ وفد نے اپنے 9 روزہ قیام کے دوران ایرانی اعلی حکام سے ملاقات اور جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

کونسل وفد نے ایرانی پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور پارلیمنٹ میں پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار تعزیت پیش کیا گیا۔ ایرانی رہبر اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندگان سے بھی اظہار تعزیت کیا۔ وفد نے ایرانی مذہبی رہنما آیت اللہ مکارم شیرازی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کے ایرانی پارلیمنٹ پہنچنے پر ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر امیر عبداللہ ایان نے استقبال کیا۔

پارلیمنٹ میں دوران اجلاس وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہا۔ پارلیمنٹ کے سامنے ملی یکجہتی کونسل وفد نے پاکستانی عوام کے جذبات اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر ایرانی پارلیمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ یکجہتی کونسل کے وفد نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن کے لئے ضروری ہے۔

لیاقت بلوچ اور دیگرارکان نے کہا کہ پاک ایران تعلقات دہائیوں پرانے اور دونوں ممالک کی عوام کے صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات قائم ہیں،دونوں ممالک میں مزید گہرے روابط کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرایرانی قیادت کی جانب سے ملی یکجہتی کونسل وفد اور پاکستانی عوام سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ وفد نے حضرت امام رضا، حضرت معصومہ قم اور امام خمینی کے مزارات پر حاضری دی جبکہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بین الاقوامی یونیورسٹی، تہران یونیورسٹی اور فردوسی یونیورسٹی کا بھی دورہ کی۔