وزیر اعظم عمران خان سے کوکا کولا کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیم کوئنسی کی ملاقات

جمعرات 23 جنوری 2020 16:25

وزیر اعظم عمران خان سے کوکا کولا کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ..
ڈیووس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) وزیر اعظم عمران خان سے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کوکا کولا کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیم کوئنسی نے یہاں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، سرمایہ کاری کے لئے سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کمپنی کے 1953ء سے اب تک پاکستان میں موجودگی اور طویل خدمات کو سراہا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کے لئے مؤثر اصلاحاتی ایجنڈا شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہو تے ہیں اور غربت کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ سرمایہ کاروں اور تاجروں کو حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وزیر اعظم نے حکومت کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے تناظر میں ماحول دوست گرین ٹیکنالوجی پر زور دیا۔ جیم کوئنسی نے پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری کا اعتراف کیا۔ ملک میں اپنی کمپنی کی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے میں مزید دلچسپی ظاہر کی۔