فیڈمک کا فرنیچر انڈسٹری کیلئے ''سنٹر فار ایکسیلنس'' قائم کرنے کا اعلان ،

فرنیچر مصنوعات کی تیاری میں بین الاقوامی معیار پر عمل کرنے کے لئے سنٹر میں کاریگروں اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منفرد تربیت فراہم کی جائے گی، میاں کاشف اشفاق

جمعرات 23 جنوری 2020 16:50

فیڈمک کا فرنیچر انڈسٹری کیلئے ''سنٹر فار ایکسیلنس'' قائم کرنے کا اعلان ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) : فیڈمک نے فرنیچر انڈسٹری کیلئے انتہائی جدید ''سنٹر فار ایکسیلنس'' قائم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ سٹیٹ آف دی آرٹ سنٹر میں لکڑی کے کاریگروں اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منفرد تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ فرنیچر مصنوعات کی تیاری میں بین الاقوامی معیار پر عمل کرسکیں ۔

فیصل آباد انڈسٹر یل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئر مین میاں کاشف اشفاق نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ فرنیچر کی برآمدات میں اضافہ اور اس شعبہ میں بھر پور انویسٹمنٹ کی غرض سے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے پاکستان کے پہلے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں 200 ایکڑ رقبہ پر عالمی معیار کا ''فرنیچر سٹی'' بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس اقدام کا بنیادی مقصد بین الاقوامی سطح پر مسابقت کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کی معاونت کرنا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ فرنیچر سازی کے یونٹس کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ معاملات کے حل میں معاونت کے علاوہ انہیں ایک بھرپور کاروباری ڈھانچہ بھی فراہم کیا جائے گا جس سے فرنیچر سازی کی صنعت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے گی۔