سی سی پی او کا بنگلہ دیشی ٹیم کے رہائشی ہوٹل، قذافی سٹیڈیم کا دورہ، سکیورٹی کا جائزہ لیا

آئی سی سی اور بنگلہ دیشی سکیورٹی ٹیم کا اظہار اطمینان، سی سی پی او نے عارضی ہسپتال کا بھی معائنہ کیا

جمعرات 23 جنوری 2020 17:24

سی سی پی او کا بنگلہ دیشی ٹیم کے رہائشی ہوٹل، قذافی سٹیڈیم کا دورہ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے بنگلہ دیشی ٹیم کے رہائشی ہوٹل اور قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ ایس پی سول لائنز نے ہوٹل میں سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ذوالفقار حمید نے ایس پی دوست محمد کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ سی سی پی او نے ڈائریکٹر آئی سی سی ذاکر خان اور بنگلہ دیشی ٹیم کے سکیورٹی آفیسر سے بھی ملاقات کی۔

آئی سی سی اور بنگلہ دیش کی سکیورٹی ٹیم کے انچارج نے حفاظتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

(جاری ہے)

سربراہ لاہور پولیس نے ہوٹل میں قائم عارضی ہسپتال کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ بعد ازاں وہ قذافی سٹیڈیم گئے جہاں پولیس افسروں نے سی سی پی او کو قذافی سٹیڈیم کی سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمز کی پریکٹس کے وقت سکیورٹی مسلسل الرٹ رکھی جائے۔ سکیورٹی پلان کے نفاذ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیئے۔ ذوالفقار حمید نے سٹیڈیم میں پی سی بی حکام سے بھی ملاقات کر کے سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پولیس، بنگلہ دیشی ٹیم کی سکیورٹی اور پی سی بی حکام کے درمیان مسلسل رابطہ ہے۔