وزیراعظم عمران خان سے کے او سی ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو لیونٹ کیکیرو رگلو کی ملاقات

پاکستان میں 1953ء سے کمپنی کے وجود اور طویل وابستگی کو سراہا، وزیر اعظم کی کمپنی کوتوانائی، سیاحت اور میزبانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کرنے کی دعوت

جمعرات 23 جنوری 2020 18:51

وزیراعظم عمران خان سے کے او سی ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو لیونٹ کیکیرو ..
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان سے کے او سی ہولڈنگز کے چیف ایگزیکٹو لیونٹ کیکیرو رگلو نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس 2020ء کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سیّد ذوالفقار عباس بخاری، سرمایہ کاری کیلئے سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور جنیوا میں اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں 1953ء سے کمپنی کے وجود اور طویل وابستگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1960ء کے بعد موجودہ حکومت نے پہلی بار صنعتی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور ہم ہنرمندی کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اقتصادی ترقی کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کے او سی کو توانائی، سیاحت اور میزبانی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر غور کرنے کی دعوت دی۔ کے او سی ہولڈنگز ترکی کی بڑی کمپنی ہے جو توانائی، آٹوموٹیو، فنانس، سیاحت، ریٹیل، تعمیرات، شپنگ، دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک کے شعبوں میں اپنی مصنوعات کیلئے معروف ہے۔