6ماہ میں چین کو برآمدات میں47 ملین ڈالر اضافہ، درآمدات میں 20 ملین ڈالرکمی ہوئی ‘سٹیٹ بینک

جمعرات 23 جنوری 2020 19:04

6ماہ میں چین کو برآمدات میں47 ملین ڈالر اضافہ، درآمدات میں 20 ملین ڈالرکمی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2020ء) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات میں 47 ملین ڈالر اضافہ جبکہ چین سے کی جانے والی درآمدات میں 20 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ جولائی تا دسمبر 2019ئ کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 936 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ئ کے دوران ہمسایہ ملک کو 889 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھی۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 6ماہ کے دوران چین کو کی جانے والی برآمدات میں 47 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین سے کی جانے والی درآمدات 4.8 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران چین سے کی جانے والی درآمدات میں 20 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو کی جانے والی برآمدات میں 189 ملین ڈالر اضافہ سے جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران برآمدات کا حجم 827 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران یواے ای کو 638 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 مہینوں کے دوران مجموعی قومی درآمدات میں 5.8 ارب ڈالر کی نمایاں کمی سے درآمدات کا حجم 22.2 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ مجموعی قومی برآمدات کا حجم گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 529 ملین ڈالر کے اضافہ سے 12.391 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔